Live Updates

190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان کی اپیل 2025ء میں مقرر ہونے کا امکان نہیں

اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے قائم مقام چیف جسٹس کی ہدایت پر رپورٹ جمع کرادی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 1 مئی 2025 12:41

190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان کی اپیل 2025ء میں مقرر ہونے کا امکان نہیں
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 مئی 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی سزا معطلی کی اپیل سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت ملنے کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے قائم مقام چیف جسٹس کو رپورٹ جمع کرادی۔ تفصیلات کے مطابق 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے اس حوالے سے رجسٹرار آفس نے اپنی رپورٹ قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کے بنچ میں جمع کرا دی، جس میں کہا گیا ہے کہ رواں برس 2025ء میں عمران خان کی اپیل مقرر ہوتی نظر نہیں آتیں، اس وقت سزائے موت کے خلاف 2017ء کی اپیل سب سے پرانی عدالت میں مقرر ہے، دائر ہونے کے بعد اپیلیں اپنی اپنی باری پر مقرر ہوتی ہیں۔

رجسٹرار آفس کا رپورٹ میں کہنا ہے کہ اس وقت سزائے موت کی 63، عمر قید کی 73، سات سال سے زائد سزا کی 88 جب کہ سات سال تک قید کی سزا کے خلاف 55 اپیلیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر التوا ہیں جو مجموعی طور پر 279 اپیلیں بنتی ہیں، عمران خان کی اپیل ابھی موشن سٹیج پر ہے، اس اپیل پر پہلے پیپر بکس تیار ہوں گی اس کے بعد اپنے نمبر پر لگے گی۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی 190 ملین پاؤنڈز کیس میں سزا معطلی کی درخواستیں مقرر کرنے کی متفرق درخواست پر سماعت ہوئی جہاں اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائمقام چیف جسٹس کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سماعت کے بعد آرڈر جاری کیا جس میں عدالت نے 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست آئندہ ہفتے مقرر کرنے کی ہدایت کی تھی۔

دوران سماعت اپنے دلائل میں وکیل سلمان صفدر کا قائمقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں رجسٹرار آفس کا گلہ آپ کے سامنے لے کر آیا ہوں، آفس سزا معطلی کی درخواستیں مقرر نہیں کر رہا، آپ کے سامنے جب کیس آتا ہے ہمیں ریلیف مل جاتا ہے لیکن ہم جو کیس آپ کے سامنے لانا چاہتے ہیں آفس وہ آنے نہیں دے رہا، آپ کیس مقرر کرنے کی ہدایت کر دیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات