Live Updates

کرکٹ کو ایشین گیمز میں بھی شامل کرنے کا امکان

ٹاپ ٹیموں میں بھارت، پاکستان، بنگلادیش اور سری لنکا جیسی ٹیموں کی شرکت متوقع

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 1 مئی 2025 13:05

کرکٹ کو ایشین گیمز میں بھی شامل کرنے کا امکان
کویت سٹی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ یکم مئی 2025ء ) کرکٹ کے کھیل کو لاس اینجلس اولمپکس 2028ء کے بعد ایشین گیمز کا بھی حصہ بنادیا گیا۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشین اولمپک کونسل (اے او سی) نے 2026ء میں جاپان کے شہر ناگویا میں ہونے والے ایشیائی کھیلوں میں کرکٹ کو باضابطہ طور پر شامل کرلیا ہے، یہ فیصلہ ایشین اولمپک کونسل اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے درمیان طویل مذاکرات کے بعد کیا گیا ہے۔

 
20 ویں ایشین گیمز اگلے سال 19 ستمبر سے 4 اکتوبر تک منعقد ہوں گے، جس میں مینز اور ویمنز کرکٹ ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی۔ 
اس سے قبل ایشین گیمز میں کرکٹ سال 2010ء، 2014ء اور 2022ء میں کھیلی گئی تھی۔ 
ایشین گیمز کی ٹاپ ٹیموں میں بھارت، پاکستان، بنگلادیش اور سری لنکا جیسی ٹیموں کی شرکت متوقع ہے۔

(جاری ہے)

 

دوسری جانب گیمز پر سوالیہ نشان اُٹھ رہا ہے کہ کرکٹ کے میچز کیلئے کون سا مقام چُنا جائے گا تاہم منتظمین ایک ماڈیولر اسٹیڈیم کا انتخاب کرسکتے ہیں، جیسا کہ ٹی20 ورلڈکپ 2024ء (امریکا) میں کیا گیا تھا۔

 
واضح رہے کہ یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی (او آئی سی) نے 128 سال بعد کرکٹ کو باقاعدہ طور پر اولمپکس میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔ 
لاس اینجلس اولمپکس 2028ء میں کرکٹ ٹی20 فارمیٹ میں کھیلی جائے گی، جس میں مینز اور ویمنز کے ایونٹس میں 6، 6 ٹیمیں ہوں گی، جس کیلئے 90، 90 کھلاڑیوں کا کوٹہ الاٹ کیا جائے گا، ہر ٹیم 15، 15 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی، اولمپکس میں آئی سی سی رینکنگ میں ٹاپ کی 6 ٹیمیں کوالیفائی کریں گی۔ 
یاد رہے کہ 128 سال کے طویل عرصے بعد اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی ہورہی ہے، سال 1900ء میں آخری بار پیرس گیمز میں کرکٹ کا کھیل کھیلا گیا تھا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات