سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس کا اجلاس، مری و لاہور میں سرکاری اراضی پر قبضوں کا تفصیلی جائزہ

جمعرات 1 مئی 2025 14:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2025ء)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس کا اجلاس گورنمنٹ ہاؤس کشمیر پوائنٹ مری میں منعقد ہوا، جس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر ناصر بٹ نے کی۔ اجلاس میں سینیٹر بلال مندوخیل، سینیٹر حسنہ بانو، اور سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس سمیت وزارتِ ہاؤسنگ کے اعلیٰ حکام، ڈی جی اسٹیٹ، کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر مری، اسسٹنٹ کمشنر مری، ڈی پی او مری، ڈی جی پی ڈبلیو ڈی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں مری کے کشمیر پوائنٹ اور لاہور کی وفاقی کالونی میں سرکاری اراضی پر قبضوں (انکروچمنٹ) کے مسائل پر تفصیل سے غور کیا گیا۔ کمشنر راولپنڈی نے کمیٹی کو مری میں 36 کنال متنازعہ اراضی سے متعلق عدالتی کارروائی اور آئندہ سماعت (8 مئی) کے بارے میں آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر مری نے بھی کمیٹی کو اس معاملے پر تفصیلی بریفنگ دی۔وفاقی کالونی لاہور میں 16 کنال قابض شدہ اراضی سے متعلق پی ڈبلیو ڈی حکام نے اجلاس کو مکمل صورتحال سے آگاہ کیا۔

اجلاس کے اختتام پر چیئرمین کمیٹی سینیٹر ناصر بٹ نے متعلقہ محکموں کو سختی سے ہدایت دی کہ وہ قابض شدہ اراضی واگزار کرانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات فی الفور کریں۔قبل ازیں، سینیٹر ناصر بٹ اور کمیٹی کے دیگر ارکان نے کمشنر راولپنڈی، ڈی سی مری، ڈی پی او مری اور دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ 36 کنال قابض شدہ اراضی کا دورہ کیا اور محکمہ مال، ٹی ایم اے مری اور پی ڈبلیو ڈی کے ساتھ موقع پر صورتحال کا جائزہ لیا۔