وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا 36 ارب روپے کے مبینہ کرپشن اسکینڈل کی تحقیقات کا حکم

جمعرات 1 مئی 2025 22:35

کوہستان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2025ء)خیبرپختونخوا کے ضلع کوہستان میں ترقیاتی منصوبوں کی رقم نجی بینک اکائونٹس میں منتقل کیے جانے کے انکشاف کے بعد وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے 36 ارب کے مبینہ کرپشن اسکینڈل کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا میں 36 ارب کے مبینہ کرپشن اسکینڈل کا انکشاف ہونے کے بعد وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے تحقیقات کی ہدایت جاری کردی۔

(جاری ہے)

نیب ذرائع کے مطابق ضلع کوہستان میں ترقیاتی منصوبوں کی رقم نجی بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی گئی جبکہ ڈمپر ڈرائیور کے بینک اکاؤنٹ میں بھی 3 ارب روپے کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے جس پر اس کا اکاؤنٹ منجمد کردیا گیا ہے۔نیب ذرائع نے بتایا کہ اسکینڈل میں سیاسی شخصیات، اعلیٰ افسران اور ضلعی سی اینڈ ڈبلیو اہلکاروں کے ملوث ہونیکا انکشاف ہوا ہے۔نیب ذرائع کے مطابق 2018 سے 2024 تک ترقیاتی منصوبوں کی رقم نجی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے نکالی گئی۔اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نے مالیاتی اسکینڈل سامنے آنے کے بعد پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے، محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ ٹھیکیداروں کی سیکیورٹی رقم سے محکمہ خزانہ کا کوئی واسطہ نہیں ہے۔