سدھار سوسائٹی کا سرکاری سکولوں میں بچوں کی معیاری تعلیم اور صحتمندانہ سرگرمیوں کے فروغ کیلئے کردار بہت اہم ہے، چوہدری طارق سبحانی

جمعرات 1 مئی 2025 20:30

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2025ء) چیئرمین لینڈ اتھارٹی پنجاب وممبر پنجاب اسمبلی چوہدری طارق سبحانی نے کہا ہے کہ سدھار سوسائٹی کاسرکاری سکولوں میں بچوں کی معیاری تعلیم اور صحتمندانہ سرگرمیوں کے فروغ کے لئے کردار بہت اہم ہے،سدھار سوسائٹی نے موو فار دا پلانیٹ ری سائیکل مٹیریل استعمال کرتے ہوئے گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول ہیر ضلع سیالکوٹ میں بچوں کے کھیلنے کے لئے بین الاقوامی معیار کا فٹبال گرائونڈ اور 200 لوگوں کے لئے سٹیڈیم کی تعمیرکی ہے، اس پراجیکٹ کو سدھار سوسائٹی نے ضلعی ایجوکیشن اتھارٹی کے تعاون سے چار ماہ کے قلیل وقت میں مکمل کرتے ہوئے 29اپریل کو اس کی افتتاحی تقریب کا اہتمام کیا۔

اس تقریب میں طارق سبحانی ممبر پنجاب اسمبلی و چیئرمین لینڈ اتھارٹی پنجاب ، مجاہد حسین علوی چیف ایگزیکٹو آفیسرمحکمہ تعلیم ضلع سیالکوٹ، ندیم اقبال چیف ایگزیکٹو آفیسر سدھار سوسائٹی ، افتخار ساہی ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیالکوٹ، طیب اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر مرکز ڈالووالی، معروف سماجی رہنما چوہدری رزاق ، صاحبزادہ ضیاءالحسنین ، مرکز ی سیکرٹری اطلاعات امتیاز طاہر، یونین کونسلز کے سابقہ چیئرمینوں ، کونسلروں اور اہل علاقہ کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے رانا ندیم اقبال چیف ایگزیکٹو آفیسر سدھار سوسائٹی نے کہا کہ سدھار سوسائٹی پچھلے 30سالوں سے بچوں کی بنیادی تعلیم کے حصول میں بہتری لانے کے لئے کام کر رہی ہے،اس پراجیکٹ کا مقصد سکول نہ جانے والے بچوں کے سرکاری سکولوں میں داخلہ کو یقینی بنانے کے لئے کوششیں کرنا ، صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینا اور کھیل کھیل کے ذریعے بچوں میں صبرو تحمل پیدا کرناہے۔

مجاہد حسین علوی نے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئےت کہا کہ سدھار سوسائٹی کا سرکاری سکولوں میں اس طرح کی سہولیات کی فراہمی یقیناَ ایک قابلِ تحسین اقدام ہے۔ طارق سبحانی ممبر پنجاب اسمبلی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سدھار سوسائٹی کا اس پسماندہ علاقے میں بین الاقوامی معیار کا گرائونڈاور سٹیدیم تعمیر کر نایقینا َ ایک انقلابی اقدام ہے،ہم سدھار سوسائٹی کا شکریہ کرتے ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے سکول میں ٹف ٹائل لگانے کا بھی اعلان کیا۔ سدھار سوسائٹی کی طرف سے گرائونڈ کی تعمیر کے دوران بہترین تعاون کرنے پر سکول مینجمنٹ کمیٹی کے ممبران اورسکول کے ساتذہ اور معززین ِ علاقہ کو تعریفی اسناد بھی فراہم کی گئیں۔تقریب کے اختتام پر طارق سبحانی ، مجاہد حسین علوی، رانا ندیم اقبال اور معززینِ علاقہ نے باقاعدہ گرائونڈ کا افتتاح کیا۔