مزدوروں کے عالمی دن کی مناسبت سےریلوے پریم یونین کے زیر اہتمام ریلی کا انعقاد

جمعرات 1 مئی 2025 21:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2025ء) مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پرریلوے پریم یونین (سی بی اے) کے زیر اہتمام راولپنڈی ریلوے اسٹیشن سے ریلی نکالی گئی جس کی قیادت نفیس خان، عبدالشکور عباسی، محمد خان، سید ظہور شاہ ، یونس جٹ،خضر حیات، ملک طاہر اور دیگر زونل صدر و سیکرٹریز نے کی۔ اس موقع پر ساجد کھرل، افضل رحمن، ذوالفقار شاہ، تنویر شاہ، عمر طور واشنگ لائن کے صدر داد خان، شیراز ،عابد ،افتخار شاہ اور ریلوے مزدوروں کی بڑی تعداد شریک تھی ۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نفیس خان نے شگاگو کے شہداء کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کے مزدور آج کے دن اپنے حقوق کے لئے ریلیاں نکالتے ہیں اور آج کا دن استحصالی طاقتوں کیخلاف مزدوروں کی فتح کے طور پر منایا جاتا ہے ، مہنگائی کے تناسب سے مزدور کی زیادہ سے زیادہ اجرت مقرر ہونی چاہئے اور اس سلسلے میں ہر ممکنہ اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔

(جاری ہے)

سید ظہور شاہ، محمد خان، یونس جٹ اور دیگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ تنخواہ میں 200 فیصد اضافہ کیا جائے اور تنخواہوں کو بروقت دیا جائے اور ریٹائرڈ ملازمین کی گریجویٹی جی پی ایف اور ان کیشمنٹ فل الفور ادا کی جائے ۔ بیوا ئوں اورپنشنرز کو بروقت پنشن دی جائے ، مزوروں کی بچیوں کے لئے جہیز فنڈ قائم کیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ لیبر ڈے پر ہم سب کو یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم اپنے ملک و قوم کی ترقی کیلئے دن و جان سے محنت کرینگے۔

اس کے علاوہ سی ڈی ایل ورکشاپ اسٹیبلشمنٹ کے سینئر نائب صدر رشیدجدون، ڈپٹی سیکرٹری حافظ دل مراد، صدر سی ڈی ایل ورکشاپ زون شیخ عارف،سیکرٹری کامران مغل الیکٹرک پاور زون کے کامران خان ندیم خان اور دیگر مزدور ساتھیوں نے ریلی میں شرکت کی جبکہ اسلام آباد میں این آئی سی اور آئی ایل او کے زیر اہتمام سیمینار میں پریم یونین کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی سے دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا مزدوروں کا عالمی دن یوم تجدید عہد کا دن ہے ، ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم مزدوروں کے تحفظ اور ملک کی ترقی کیلئے محنت کریں گے۔

متعلقہ عنوان :