Live Updates

بی جے پی حکومت نے پونچھ میں ایک اور کشمیری کی جائیداد ضبط کر لی

جمعہ 2 مئی 2025 12:13

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیرمیں لیفٹیننٹ گورنر کی زیرقیادت قابض انتظامیہ نے ضلع پونچھ میں ایک اورکشمیری کی جائیداد ضبط کر لی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی پولیس نے کریک ڈائون آپریشن کے دوران ضلع کے علاقے کسبلری منکوٹ میں محمد ریاض کی ایک کنال اور 11مرلہ پر مشتمل زرعی اراضی ضبط کر لی ہے۔

جائیداد کوغیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون یواے پی اے ایکٹ کے تحت ضبط کیا گیا ہے۔قابض حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ محمد ریاض ایک آزاد ی پسند کارکن ہے ۔واضح رہے کہ اگست 2019 میں جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی غیر قانونی منسوخی کے بعد سے بھارتی حکومت نے کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو کمزور کرنے ،انہیں معاشی طورپر مفلوج اور علاقے میں آبادی کے تناسب کو بگاڑنے کیلئے کشمیریوں کو ان کی جائیدادوں، گھروں اور زمینوں سے جبری طورپر بے دخل کرنے کی مہم تیز کر دی ہے۔

(جاری ہے)

انسانی حقوق کے ایک کارکن نے کہا کہ بھارتی حکومت کی طرف سے اس طرح کی دہشت گردی کی کارروائیاں بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہیں جبکہ بھارت کو کشمیریوں کے خلاف اس طرح کی کارروائی کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں کیونکہ جموں و کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات