بھارتی جارحیت کے خلاف ورکرز و ٹریڈ یونینز کے عہدہ داران و کارکنان سمیت مزدور سراپا احتجاج بن گئے

جمعہ 2 مئی 2025 14:35

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2025ء) پی ڈبلیو ڈی مرکزی ورکرز یونین کی 10 اضلاع سے 106 گاڑیوں پر مشتمل قافلہ مرکزی، ضلعی،تحصیل صدور و دیگر عہداران کی قیادت میں شہر اقتدار مظفرآباد پہنچا تو اس کا شاندار اور والہانہ استقبال کرتے منوں پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں،پی ڈبلیو ڈی ورکرز یونین کے شرکاء نے اولڈ سیکرٹریٹ کا چکر لگایا اور پنڈال پہنچے جبکہ ایم این سی ایچ کے احتجاجی دھرنے میں بھی گئے اور ان سے اظہار یک جہتی کیا۔

شرکا نے سرخ جھنڈے اٹھا رکھے تھے جبکہ بازوؤں اور سر پر کالی پٹیاں باندھ رکھی تھیں۔شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے جن مختلف تحریریں لکھی ہوئی تھیں۔ازاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کی فضائیں ٹریڈ یونینوں،پی ڈبلیو ڈی ورکرز یونین و دیگر دیہاڑی دار مزدوروں کے نعروں سے گونج اٹھیں۔

(جاری ہے)

جب لال لال لہرائے گا تو ہوش ٹھکانے آئے گا، ہم نہیں مانتے ظلم کے ضابطے، پاک فوج زندہ باد، پاک فوج قدم بڑھاؤ ہم تمہارے ساتھ ہیں، اور بھارتی جارحیت کے خلاف ورکرز و ٹریڈ یونینز کے عہدہ داران و کارکنان سمیت مزدور سراپا احتجاج بن گئے۔

حکومت اور بیوروکریسی کے خلاف بھی شدید نعرے بازی کی گئی۔ اس موقع پر مرکزی صدر پی ڈبلیو ڈی ورکرز یونین سردار افتخار شاہین سمیت ضلع نیلم و جہلم ویلی،مظفرآباد، راولا کوٹ، کوٹلی، پونچھ،باغ، میرپور، سدھنوتی، حویلی،بھمبر سمیت تمام تحصیلوں سے سے پی ڈبلیو ڈی ورکر یونین و دیگر ٹریڈ یونینز کے عہداران و کارکنان نے دارالحکومت میں مرکزی جلسہ کے اندر شمولیت اختیار کرتے ہوئے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

ضلع مظفراباد سے پی ڈبلیو ڈی ورکرز یونینز نے 10 اضلاع و دیگر تحصیلوں سے آنے والے پی ڈبلیو ڈی ورکر یونینز کے عہدہ داران و کارکنان کو خوش آمدید کہا اور ان پر منوں پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کیں۔ اس موقع پر سردار افتخار شاہین کے حق میں بھی نعرے بازی کی گئی، پی ڈبلیو ڈی ڈرائیور یونین کے صدر سید اجمل نقوی کی قیادت میں بھی سینکڑوں افراد نے شرکت کی جبکہ خواتین کی بھی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔

شرکاء میں راجہ اشفاق، فیصل چک، فہیم امیر، عمر ممتاز راٹھور، سعید قریشی، ارشاد اعوان، نزاکت مغل، شیخ غلام مصطفی، ممتاز احمد، ساجد مغل، جاوید اقبال قریشی، شکیل احمد قریشی، عابد قریشی، مظہر قیوم، راجہ تنویر، ارشاد مغل، ملک احتشام، غلام مصطفی، عمران مغل، راجہ تنویر، ماجد اعوان سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ پی ڈبلیو ڈی ورکرز یونین کے مرکزی پنڈال میں کیل وادی نیلم کے مقام پر دوران ادائیگی فرض منصبی شدید زخمی ہو کر اپنی دونوں ٹانگوں سے محروم ہونے والے الطاف مغل بھی پہنچے، جن کی آمد پر پنڈال نے کھڑے ہو کر ان کو خوش آمدید کہا۔

پنڈال میں خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر اس بات سے اندازہ لگا سکتی ہے کہ آج تمام سرکاری آفیسران چھٹی پر جبکہ دفاتر بند ہیں مگر ہم وہ لوگ ہیں جو جان ہتھیلی پر لے کر آج بھی اپنے خاندان کو وقت دینے کے بجائے اپنے حقوق کے لیے سڑکوں پر موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بارہا اعلی عدلیہ کی جانب سے بھی حکومت کو اپگریڈیشن سمیت دیگر معاملات یکسو کرنے کا حکم دیا جا چکا ہے مگر حکومت میں نہ مانوں کی رٹ پر قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے 37 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ کے حکم پر عمل درآمد تو ہونے سے رہا، اس وقت خود حکومت سرکاری اداروں میں فرائض منصبی سر انجام دینے والوں کو 15 سے 25 ہزار روپیہ تنخواہ دے رہی ہے جو کہ حکومت کے احکامات کی کھلم کھلا خلاف ورزی اور حکومت کی جانب سے کیے جانے والے احکامات پر سوالیہ نشان ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آج بھی فیلڈ میں کام کرنے والوں کے پاس نہ تو حفاظتی سامان ہوتا ہے نہ ہی انہیں کوئی تحفظ۔

جس کی وجہ سے آئے روز غریب کبھی تو جان کی بازی ہار جاتے ہیں اور کبھی زندگی بھر کی معذوری کا شکار ہو جاتے ہیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ تنگ آمد بجنگ آمد،ہم نے حکومت کو بار بار موقع فراہم کیا مگر شاید حکومت یہ نہیں چاہتی اور اس سے جانے کی بہت جلدی ہے۔ مقررین نے شکاگو کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے علاوہ ایم این سی ایچ پروگرام کے احتجاجی دھرنے کے ساتھ بھی اظہار یکجہتی کیا۔

اس موقع پر مرکزی صدر پی ڈبلیو ڈی ورکرز یونین سردار افتخار شاہین نے تمام شرکاء سمیت دیگر سیاسی، سماجی، مذہبی، تجارتی، عوامی، علمی، ادبی حلقوں کے اکابرین، سول سوسائٹی کے زعماء اور پرنٹ و الیکٹرانکس میڈیا سمیت سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور ان کی ریلی، جلسے جلوس میں شرکت کی۔