کراچی میں مختلف واقعات میں 2افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی

جمعہ 2 مئی 2025 15:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2025ء)شہر قائد کے مختلف واقعات میں2افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹائون کی ایم پی آر کالونی قبرستان کے قریب سے ایک گولی لگی لاش برآمد ہوئی، جس کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق لاش کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، تاہم مقتول کی تفصیلات ابھی تک منظر عام پر نہیں آئیں۔

دوسری جانب اورنگی ٹائون داتا نگر میں جھگڑے کے دوران تیز دھار آلے کے وار سے نوجوان جاں بحق ہوگیا۔مقتول کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچائی۔ریسکیو حکام کے مطابق مقتول کی شناخت 23 سالہ عذیر ولد فہیم کے نام سے کی گئی۔اس حوالے سے ہیڈ محرر اورنگی ٹائون عدیل حیات نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ محلے میں ذاتی جھگڑے کے دوران پیش آیا ہے جس میں رشید نامی شخص نے نوجوان کو تیز دھار آلے کے وار سے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔

(جاری ہے)

تاہم پولیس اس حوالے سے عینی شاہدین اور اہل محلہ سے مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔ادھر شادمان ایک نمبر کے قریب فائرنگ کے ایک اور واقعے میں دو نوجوان زخمی ہوگئے ہیں۔زخمیوں کی شناخت اسد اور محمد حسن کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ریسکیو حکام نے انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔