لاہور، باپ بیٹوں نے ماں اور بہن کوگلا کاٹ کر قتل کر ڈالا، ملزمان گرفتار

دونوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کر دی گئیں،افسوسناک واقعہ لاہور کے علاقہ کاہنہ میں پیش آیا،پولیس نے فورا کارروائی کرتے ہوئے دہرے قتل کی واردات کے بعد ملزمان کو ایک گھنٹے میں حراست میں لے لیا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 2 مئی 2025 15:35

لاہور، باپ بیٹوں نے ماں اور بہن کوگلا کاٹ کر قتل کر ڈالا، ملزمان گرفتار
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 مئی 2025)صوبائی دارالحکومت لاہورمیں غیرت کے نام پر ماں اور بہن کو قتل کر ڈالا،پولیس نے قتل کے الزام میں باپ اور دونوں بیٹوں کو گرفتار کرلیا،دونوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کر دی گئیں،بتایا گیا ہے کہ افسوسناک واقعہ لاہور کے علاقہ کاہنہ میں پیش آیا جہاں باپ نے اپنے دوبیٹوں کے ساتھ مل کر اپنی بیوی رخسانہ اور بیٹی رمشا کو تیز دھار آلے سے گلاکاٹ کر قتل کر دیا۔

پولیس کے مطابق چندگھنٹے قبل دوہرے قتل کی افسوسناک اطلاع ملی۔ایس پی ماڈل ٹاون اخلاق تارڑ ٹیم کے ہمراہ فوراً موقع پر پہنچے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فورا کارروائی کرتے ہوئے صوئے آصل میں ہونے والی دہرے قتل کی واردات کے بعد ملزمان کو ایک گھنٹے میں حراست میں لے لیا۔

(جاری ہے)

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دہرے قتل کی واردات میں ملزمان دونوں بھائیوں علی حسن اور علی زین جن کی عمریں 17اور15سال ہیں ان کو والد یوسف سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے۔

دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے پولیس کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیدیا ہے۔پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ تحقیقات کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 2 ماہ قبل ماں بیٹی کے گھر سے بھاگنے کا مقدمہ 2506/25درج کراویا گیا تھا۔ گزشتہ روز ماں بیٹی واپس گھر پہنچیں تو سفاک بیٹوں نے گلے کاٹ کر قتل کر دیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی سندھ کے علاقے میر پور خاص میں غیرت کے نام پر شوہر نے اپنی 7 ماہ کی حاملہ بیوی سمیت 2معصوم بچوں کو زندہ جلا دیاتھا۔پولیس نے واقعہ اطلاع ملنے پر کارروائی کرتے ہوئے شوہر اور اس کے تین بھائیوں کو گرفتار کرلیا تھا۔ملزمان نے غیر ت کے نام پر خاتون اور بچوں کو قتل کرنے کا اعتراف بھی کیا تھا۔پولیس کاکہنا تھا کہ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تشدد کی تصدیق بھی ہوگئی تھی۔

تفصیلات کے مطابق سفاکیت کا افسوسناک واقعہ میر پور خاص کے سندھڑی کے گاوں ولی محمد منگریو میں پیش آیاتھا۔جہاں ملزم ویجھوبھیل اور اس کے تین بھائیوں نے اپنی حاملہ بیوی مریم بھیل اوراپنے دو معصوم بچوں جن میں 2سالہ خوشحال اور 5سالہ ہرلال شامل ہیں ان کے ہاتھ پاﺅں باندھ کر انہیں زندہ جلا دیا۔پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق 7 ماہ کی حاملہ خاتون اور اس کے بچوں کو ہاتھ پیر باندھ کر آگ لگانے اور تشدد کے شواہد ملے تھے۔

میڈیکو لیگل افسر کا کہنا تھا کہ مقتولہ خاتون اور بچوں کے ہاتھ پیر باندھ کران کو آگ لگائی گئی جبکہ ان پر تشدد کے واضح نشانات بھی ملے تھے۔ہسپتال انتظامیہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ پوسٹ مارٹم کے دوران خاتون کے پیٹ سے مردہ بچہ بھی نکالا گیا جبکہ 5 سال کے بچے ہرلال کے جسم پر بھی تشدد کے نشانات پائے گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :