ہری پور،خانپور ڈیم میں کشتی حادثے کے دوران لاپتہ سیاح کی تلاش جاری

جمعہ 2 مئی 2025 17:35

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2025ء) خانپور ڈیم میں کشتی حادثے کے دوران لاپتہ سیاح کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے،جمعرات کے روز شدید آندھی اور طوفان کے باعث خانپور ڈیم میں سیاحوں کی کشتی حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں 6 سیاح ڈوب گئے تھے جن میں سے 5 کو ریسکیو کر لیا گیا جبکہ چھٹے سیاح کی تلاش کے لیے جمعہ کو دوسرے روز بھی ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

(جاری ہے)

خانپور پولیس کا کہنا ہے کہ ڈوبنے والے سیاح کے ملنے تک آپریشن جاری رہے گا جبکہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر رفیع اللہ مروت کی قیادت میں ریسکیو 1122 ہری پور اور صوابی کی ریسکیو ٹیمیں آپریشن میں مصروف ہیں،خانپور بوٹ ایسوسی ایشن کے صدر راجہ حنیف کیانی کا کہنا ہے کہ لاپتہ سیاح کی تلاش تک ڈیم پر تمام سرگرمیاں معطل رہیں گی،بوٹ ایسوسی ایشن بھی ریسکیو آپریشن میں متعلقہ اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،اسسٹنٹ کمشنر خانپور تزئین ظفر نے بھی جائے حادثہ کا دورہ کر کے جٹی کو سیل کر دیا اور حادثے کا شکار ہونے والی کشتی کے مالک اور ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔