26 نومبر کے مقدمات،82 گرفتار ملزمان کو اعتراف جرم پر 4، 4 ماہ قید کی سزا

جمعہ 2 مئی 2025 18:21

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2025ء)راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر 2024 مقدمات کے 82 گرفتار ملزمان کو اعتراف جرم پر 4، 4 ماہ قید کی سزا دی۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے 26 نومبر کے 24 مقدمات کی سماعت کی۔پولیس نے 124 گرفتار ملزمان کو عدالت میں پیش کیا جبکہ ضمانت پر موجود 362 ملزمان بھی پیش ہوئے۔

پیش ہونے والے ملزمان نے عدالت سے استدعا کی کہ غریب افراد تھے، مقامی قیادت کے اکسانے پر ایسا اقدام کیا، آئندہ کسی احتجاج میں حصہ نہیں لیں گے، نرم رویہ اختیار کیا جائے۔

(جاری ہے)

عدالت نے اعتراف جرم کرنے والے 82 ملزمان کو 4، 4 ماہ قید اور پندرہ، پندرہ ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔عدالت نے غیر حاضر رہنے والے ایک ہزار 49 ملزمان کی ضمانت خارج کیں، جج نے 25 ملزمان کی ضمانتیں بعد ازگرفتاری بھی خارج کردیں جبکہ شناختی کارڈ بلاک کرنے اور اکاؤنٹ منجمد کرنے کے احکامات بھی جاری کردیے۔

26 نومبر کے احتجاج میں 24 مقدمات میں کٴْل ملزمان کی تعداد ایک ہزار 609 ہے۔ عدالت نے رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار کے خلاف توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا۔عدالت نے مقدمات کی سماعت 7، 8 اور 9 مئی تک ملتوی کردیں۔ آئندہ سماعتوں پر سیکیورٹی سخت کرنے کے احکامات بھی دیے گئے۔