یوای ٹی لاہور کے ایلومینائی نے سعودی عرب میں اپنا ایلومینائی چیپٹر قائم کردیا

جمعہ 2 مئی 2025 23:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مئی2025ء) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے سابق طلباء نے سعودی عرب میں اپنا ایلومینائی چیپٹر قائم کر دیا۔ اس چیپٹر کے قیام کا مقصد سعودی عرب میں مقیم یو ای ٹی کے فارغ التحصیل طلبائ کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنا، باہمی روابط کو فروغ دینا اور یو ای ٹی لاہور کے ساتھ ان کا مضبوط اور مؤثر رابطہ قائم رکھنا ہے۔

وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر کی زیر صدارت یو ای ٹی ایلومینائی سعودی چیپٹر کا ابتدائی اجلاس منعقد ہوا جس میں متفقہ طور پر چیپٹر کے ابتدائی عہدیداران کا انتخاب کیا گیا۔ منتخب عہدیداران میں مظہر بطور صدر، عاصم بطور نائب صدر، جواد بطور جنرل سیکرٹری، نوید بطور فنانس سیکرٹری، سرمد بطور جوائنٹ سیکرٹری، عبدالرحمٰن بطور میڈیا اور اکیڈمک لائڑن آفیسر اور داؤد بطور ویلفیئر اور ایونٹس کوآرڈینیٹر اپنی خدمات سر انجام دیں گے۔

(جاری ہے)

افتتاحی اجلاس کے موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے تمام عہدیداران سے آن لائن ملاقات کی اور چیپٹر کے قیام کو ایک خوش آئند اور تعمیری قدم قرار دیا۔ انہوں نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "یو ای ٹی ایلومینائی چیپٹر سعودی عرب سے یونیورسٹی کے تعلیمی، تحقیقی اور انتظامی معاملات کو بہتر بنانے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔

یہ پلیٹ فارم عالمی سطح پر یونیورسٹی کی نیک نامی اور وقار میں اضافے کا باعث بنے گا۔" انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ چیپٹر سابق طلباء کی پیشہ ورانہ مہارتوں اور تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے یو ای ٹی لاہور کے مسائل کے حل میں مثبت کردار ادا کرے گا۔ سعودی چیپٹر کی جانب سے وائس چانسلر کو چیپٹر کے قیام کا ایجنڈا پیش کیا گیا جسکی منظوری دے دی گئی۔

چیپٹر باڈی نے تین فنڈڈ پراجیکٹس کے بارے میں وائس چانسلر کو بتایا جو کہ سول، مٹلرجی، اور کمپیوٹر سائنس ڈیپارٹمنٹ کے طلباء کو ایوارڈ کئے گئے۔ جبکہ وایس چانسلر نے ممبران کو یو ای ٹی کے دیگر ایلومینائی چیپٹرز اور یو ای ٹی کیلئے انکی خدمات کے حوالے سے بریفنگ دی اور یو ای ٹی کی فلاح و بہبود کے لیے سعودی عرب میں فنڈ ریزنگ کیلئے رجسٹریشن کی تلقین کی۔