سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام میں انٹرا یونیورسٹی تقریری مقابلے 2025 کا انعقاد

جمعہ 2 مئی 2025 23:33

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2025ء) سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام میں انٹرا یونیورسٹی تقریری مقابلے 2025 کا انعقاد کیا گیا۔اسٹوڈنٹس ٹیچرز انگیجمنٹ پروگرام (اسٹیپ) کے تحت زرعی انجینئرنگ اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے اشتراک سے اے ایم شیخ ہال میں منعقد ہوئے۔ یونیورسٹی کی مختلف فیکلٹیز اور انسٹیٹیوٹس سے 50 سے زائد طلبہ نے تین انگریزی، اردو اور سندھی زبانوں میں بھرپور انداز میں حصہ لیا۔

یہ تقریری مقابلے وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر الطاف علی سیال کے اس تعلیمی وژن کا حصہ تھے، جس میں ہم نصابی سرگرمیوں کو طلبہ کی مجموعی شخصیت، گفت و شنید اور تنقیدی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے ضروری قرار دیا گیا ہے۔تقاریر کی جانچ کے لیے پروفیسر ڈاکٹر منیر احمد منگریو، پروفیسر ڈاکٹر عقیل میمن اور ڈاکٹر تحسین فاطمہ میانو پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔

(جاری ہے)

طلبہ نے ماحولیاتی تبدیلی، تعلیم، سماجی مسائل اور قیادت جیسے موضوعات پر مدلل اور پُرجوش تقاریر پیش کیں۔نتائج کے مطابق انگریزی تقریر میں کوثر فاطمہ پنہور نے پہلی، جمال احمد کوری نے دوسری اور احسن عادل نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اردو تقریر میں آمنہ بلوچ اول، محمد فیصل دوئم اور شمس الدین سومرو سوئم قرار پائے۔ سندھی تقریر میں پہلا انعام کاشف پھل، دوسرا کامران اور تیسرا فرمان نے حاصل کیا۔

ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچرل سوشیئل سائنسز اور چیئرمین اسٹیپ پروفیسر ڈاکٹر اعجاز کھونھارو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کی کارکردگی اور تنظیمی ٹیموں کا جذبہ جامع تعلیم و تربیت کا مظہر ہے۔ انہوں نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں میڈلز اور اسناد تقسیم کیں۔اسٹیپ کے فوکل پرسن انجینئر ظہیر احمد خان نے وائس چانسلر کی مسلسل رہنمائی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اسٹیپ، ایگریکلچرل انجنیئرنگ اسٹوڈنٹس ایسوسیئیشن، اساتذہ، افسران، طلبہ اور میڈیا ٹیم کی اجتماعی کاوشوں کو سراہا۔تقریب میں ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر تنویر فاطمہ میانو، پروفیسر ڈاکٹر مشوق، ڈاکٹر عرفان احمد شیخ اور دیگر سینئر اساتذہ نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :