محکمہ تعلیم بلوچستان کی ملازمین تنظیموں کاانٹرمیڈیٹ کے امتحانات کابائیکاٹ ختم کرنے کا اعلان

جمعہ 2 مئی 2025 23:35

کوئتہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2025ء) محکمہ تعلیم بلوچستان کی ملازمین تنظیموں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی درخواست پر انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کابائیکاٹ ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ یہ بات صوبائی وزیر خزانہ میرشعیب نوشیروانی ، محکمہ تعلیم بلوچستان کی ملازمین تنظیموں کے سربراہ پروفیسرعبدالقدوس کاکڑ نے جمعرات کو مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔

پروفیسر عبدالقدوس کاکڑ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے جانب سے قائم کمیٹی نے ہمارے تحفظات دور کیے جس کے بعدگزشتہ روز وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات ہوئی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان تعلیم پر خصوصی توجہ اور تعلیم کے شعبے میں نئی ریفارمز لارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان بورڈ آفس میں بھی ریفارمز لائی جارہی ہیںوزیراعلیٰ بلوچستان نے نئی ریفارمز کیلئے چھ ماہ کا وقت مانگا ہے اور ہم نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی درخواست پر انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کا بائیکاٹ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ بلوچستان میں اساتذہ کے ساتھ مل کر تعلیمی مسائل حل کریں گے محکمہ تعلیم کی ملازمین تنظیموں نے وزیراعلیٰ کی درخواست اور طلباء اور طالبات کے مستقبل کے وسیع تر مفاد کے تحت احتجاج ختم کیاجس پر ہم انکا شکریہ اد اکرتے ہیں۔