ڈیجیٹل دور میں بھی طلبہ اصناف ادب سے گہرا لگاؤ رکھتے ہیں ،چیئرمین پاکستان ایجوکیشن فاؤنڈیشن ڈاکٹر شفقت علی جنجوعہ

جمعہ 2 مئی 2025 19:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2025ء) پاکستان ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر شفقت علی جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستانی طلبہ ڈیجیٹل دور میں بھی اصناف ادب سے گہرا لگاؤ رکھتے ہیں، اساتذہ صحیح رہنمائی کے ہتھیار کو اپنے طریقہ تدریس کا حصہ بنالیں تو نسل نو تعمیر وطن کے لئے تیار ہو جائے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم پاکستان پر مضمون نویسی کے مقابلوں کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر نوجوان نسل اور یوم پاکستان کے تقاضے کے عنوان پر یہ فاؤنڈیشن کا پہلا فاصلاتی مقابلہ مضمون نویسی تھا جس میں 60سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات نے حصہ لیا، قومیں آزاد نظریاتی ماحول اور خوددار تدریسی نظام سے ہی ترقی کی منازل طے کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے بانیان نے 1986میں جس تعلیمی فلاحی تحریک کا آغاز چند اراکین سے کیا تھا آج وہ ہزاروں ماہرین تعلیم و اساتذہ کی ممبرشپ کے ساتھ تمام وفاقی اکائیوں میں کام کر رہی ہے ۔

اس موقع پر مرکزی پبلسٹی سیکرٹری پاکستان ایجوکیشن فاؤنڈیشن ڈاکٹر محمد افضل بابر نے کہا کہ مفت تعلیم دینے والے درجنوں کرن سنٹرز، ٹیچرز ٹریننگ پروگرام ، مستحق و یتیم طلبہ کو وظائف، اراکین کے لئے رہائشی سکیمیں،قومی و صوبائی سطح پر تعلیمی کانفرنسز، نصابی و ہم نصابی سرگرمیاں اور دیگر پروگرام فاؤنڈیشن کے اہم فیچرز ہیں۔ تقریب تقسیم انعامات منعقدہ اکادمی ادبیات سے مہمان علی حسنین، ندیم چوہدری اور پروفیسر امجد اقبال نے بھی اظہارِ خیال کیا۔ آخرمیں طلبہ میں توصیفی اسناد اور پوزیشن ہولڈرز میں انعامات تقسیم کئے گئے ۔