Live Updates

پہلگام حملے سے متعلق متنازع بیان پر سونو نگم کیخلاف شکایت درج

گلوکار کے بیان پر پورے بھارت سے تعلق رکھنے والے سوشل میڈیا صارفین نے سخت ردعمل دیا

ہفتہ 3 مئی 2025 12:30

پہلگام حملے سے متعلق متنازع بیان پر سونو نگم کیخلاف شکایت درج
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2025ء)معروف بھارتی گلوکار سونو نگم کے خلاف پہلگام حملے سے متعلق متنازع یبان دینے پر شکایت درج کرلی گئی۔بھارتی میڈیاکے مطابق معروف بھارتی گلوکار سونو نگم حالیہ کنسرٹ کے دوران دئیے گئے ایک بیان پر شدید تنقید کی زد میں آ گئے جس سے مبینہ طور پر کنڑا کمیونٹی کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔اس واقعے کے بعد کنڑا تنظیم کرناٹک رکشنا ویدیکی(کے آروی)نے سونو نگم کے خلاف پولیس تھانے میں شکایت درج کروادی ہے جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ گلوکار نے اپنے بیان سے نفرت کو ہوا دی اور علاقائی ہم آہنگی کو نقصان پہنچایا۔

شکایت میں کہا گیا ہے کہ یہ بیان نہ صرف حساس بلکہ خطرناک بھی ہے، ایک سادہ سے فرمائش کو دہشت گردی سے جوڑ کر سونو نگم نے کنڑا کمیونٹی کو متشدد اور انتہاپسند ظاہر کرنے کی کوشش کی ہے، جو لسانی نفرت اور سماجی کشیدگی کو بڑھاوا دیتا ہے۔

(جاری ہے)

تنظیم نے مطالبہ کیا ہے کہ سونو نگم کے خلاف بھارتیا نیائے سنہتا(بی این ایس)کی مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی جائے، جن میں لسانی بنیادوں پر دشمنی پھیلانے، مجرمانہ بدنامی اور جذبات مجروح کرنے جیسے الزامات شامل ہیں۔

بنگلورو پولیس نے شکایت موصول ہونے کی تصدیق کر دی ہے، تاہم اب تک کوئی باضابطہ مقدمہ درج نہیں کیا گیا، دوسری جانب سونو نگم نے تاحال اس تنازع پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔واضح رہے کہ یہ تنازع 25اپریل کو بنگلورو کے ورگونگر علاقے میں واقع ایسٹ پوائنٹ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں منعقدہ کنسرٹ کے دوران پیدا ہوا۔اطلاعات کے مطابق ایک مداح نے سونو نگم سے بار بار کنڑا زبان میں گانا گانے کی درخواست کی، جس پر سونو نگم نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے انکار کر دیا۔

انہوں نے مداح کی درخواست مسترد کرتے ہوئے مبینہ طور پر کہا تھا کہ یہی وجہ ہے، پہلگام میں جو ہوا ہے نا، یہی وجہ ہے جو کر رہے ہو، جو کیا تھا نا ابھی، دیکھو تو کون سامنے کھڑا ہے۔سونو نگم کا یہ بیان کنڑا کمیونٹی میں غم و غصے کا باعث بنا، ان کا ایک عام مداح کی گانے کی درخواست کو پہلگام میں پیش آئے دہشت گردی کے واقعے سے جوڑنا سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بن گیا۔

سونو نگم کے بیان پر صرف کنڑا کمیونٹی ہی نہیں بلکہ پورے بھارت سے تعلق رکھنے والے سوشل میڈیا صارفین نے بھی سخت ردعمل دیا۔ایک صارف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لکھا کہ پہلگام حملے کو بنگلورو میں کنڑا زبان میں گانا گانے کی فرمائش سے کیسے جوڑ دیا سونو نگم دو مختلف باتوں کو کیوں جوڑ رہے ہیں ۔ایک اور صارف نے لکھا کہ اگر بنگلورو میں کنڑا گانے کی درخواست کرنا قوم دشمنی ہے، تو مجھے کوئی مسئلہ نہیں اگر مجھے قوم دشمن کہا جائے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات