Live Updates

نیدرلینڈز کے سابق کھلاڑی 1990 ہاکی ورلڈ کپ کی یادیں تازہ کرنے لاہورپہنچ گئے

فائنل میں فلوریس جان بولینڈر نے پاکستان کیخلاف ریکارڈ تماشائیوں کی موجودگی میں 2 گول کرکے اپنی ٹیم کو عالمی چیمپئن بنوایا تھا

ہفتہ 3 مئی 2025 13:51

نیدرلینڈز کے سابق کھلاڑی 1990 ہاکی ورلڈ کپ کی یادیں تازہ کرنے لاہورپہنچ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2025ء)شہرہ آفاق پینلٹی کارنر اسپیشلسٹ نیدرلینڈز کے فلوریس جان بولینڈر 1990 کے ہاکی ورلڈ کپ کی یادیں تازہ کرنے کیلیے لاہور کے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم پہنچ گئے۔1990ء کے ہاکی ورلڈکپ کے فائنل میں پاکستان اور نیدرلینڈز کی ٹیمیں مدمقابل تھیں۔ یاد رہے کہ دنیا کا سب سے بڑا ہاکی اسٹیڈیم تماشائیوں سے بھرا ہوا تھا جہاں انہوں نے پاکستان کے خلاف فائنل میں ریکارڈ تماشائیوں کی موجودگی میں دو گول کر کے اپنی ٹیم کو عالمی چیمپئن بنوایا تھا۔

ڈچ ہاکی لیجنڈ ان دنوں پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ہیں۔ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں ان کے شاندار کیریئر کی سنہری یادیں ہیں۔بولینڈر اسٹیڈیم پہنچتے ہی سیدھا گول پوسٹ کی طرف گئے جہاں انہوں نے دو گول کیے تھے، انہوں نے وہاں اولمپئن خواجہ جنید کے ساتھ وقت گزارا جو ان کے لاہور میں میزبان ہیں۔

(جاری ہے)

بولینڈر نے کہا کہ یہاں آکر بہت اچھا لگ رہا ہے، کافی وقت گزر گیا مگر یہاں نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں کچھ بھی تبدیل نہیں ہوا، گول پوسٹ میں صرف تبدیلی ہوئی ہے، یہاں شائقین سے اسٹیڈیم بھرا ہوا تھا، ہمارے اوپر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈکپ کا فائنل بڑا شاندار میچ تھا، یہاں ایک اچھا تجربہ اور اچھی یادیں ہیں، یہ سب ٹیم ایفرٹ کا نتیجہ ہوتا ہے اگر آپ بطور ٹیم نہیں کھیلتے تو آپ کو پنالٹی کارنر بھی نہیں ملتا۔بولینڈر نے کہا کہ اب تو اس بات کو 35 سال ہوچکے ہیں اور پھر پرانے دوستوں کے ساتھ ملنا بڑا اچھا لگ رہا ہے، اپنی یادوں کو تازہ کرنے کیلیے اپنے پرانے ساتھیوں کے ساتھ یہاں نمائشی میچ کھیلنا اچھا رہے گا۔واضح رہے کہ پاکستان نے ہالینڈ کو 1994 ورلڈکپ کے فائنل میں شکست دے کر 1990 کی ہار کا بدلہ لے لیا تھا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات