کمشنر سرگودھا کا زیر تعمیر گورنمنٹ نواز شریف کارڈیالوجی ہسپتال کا دورہ، جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا

اتوار 4 مئی 2025 13:30

سرگودھا -04 مئی (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2025ء) کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان نے گزشتہ روز زیر تعمیر گورنمنٹ نواز شریف کارڈیالوجی ہسپتال کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، محکمہ بلڈنگز، ہیلتھ اور متعلقہ اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔ کمشنر نے ہسپتال کی مختلف وارڈز، او پی ڈی، ایمرجنسی بلاک اور آپریشن تھیٹرز کے زیر تعمیر حصوں کا معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے منصوبے میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور او پی ڈی کو جلد فعال کرنے اور طبی آلات و مشینری کو نصب کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کارڈیالوجی اسپتال سرگودھا ڈویژن کے عوام کے لیے ایک اہم منصوبہ ہے جس کی بروقت تکمیل سے دل کے مریضوں کو مقامی سطح پر جدید طبی سہولیات میسر آئیں گی۔ کمشنر نے مزید کہا کہ منصوبے میں معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اور تمام کام طے شدہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے۔اس موقع پر انہیں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ہسپتال کا تعمیراتی کام دو شفٹوں میں کیا جارہا ہے تاکہ اس کی تکمیل جلد ازجلد مکمل ہو اور اس کو عوامی مفاد کے لیے فعال کیا جا سکے۔