اولڈ راوینز ایسوسی ایشن کراچی کا گورنر ہاؤس میں سالانہ عشائیہ

صدر سدید اے ملک نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا ،پرانے راوینز کو ’’سینئر راوینز ‘‘ کہا جائے،طارق اکرام لڑکیوںکی12خستہ حال اسکولوں کی عمارتوں کو جدید قلب میں ڈھالا گیا ہے ،ضیاالاسلام اور دیگرکا خطاب

اتوار 4 مئی 2025 15:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2025ء)اولڈ راوینز ایسوسی ایشن کراچی (ORAK) کے سالانہ عشائیہ کا اہتمام گورنرہاؤس سندھ میں کیا گیا ،جس میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی بیرون ملک موجودگی کے باعث ان کی نمائندگی سید طارق مصطفی نے کی جبکہ بزرگ راوین خاور بٹ مہمان خصوصی تھے ۔تقریب کا آغازسید طارق مصطفی ،کموڈور (ر)سدید اے ملک اور طارق اکرام نے ربن کاٹ کر تقریب کا باقاعدہ آغاز کیا ۔

اورک کے صدر کموڈور(ر) سدیداے ملک نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے گورنر ہاؤس کی تاریخ پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ تقسیم کے بعد قائد اعظم محمد علی جناح اور محترمہ فاطمہ جناح یہاں رہائش پذیر رہے ہیں ۔انہوںنے بتایا کہ علامہ اقبال، ڈاکٹر عبدالسلام، فیض احمد فیض، پطرس بخاری اور جنرل راحیل شریف گورنمنٹ کالج لاہور کے طالب علم رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

چیئرمین اولڈ راوینز ایسوسی ایشن کراچی طارق اکرام نے اپنے خطاب میں گورنر ہاؤس میں تقریب کی اجازت دینے پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے خدمت، تعلیم اور انسان دوستی کے لیے ایسوسی ایشن کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اورک کے سابق صدور اور چیئرمینز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔انہوںنے تجویز پیش کی کہ پرانے راوینز کو ’’سینئر راوینز ‘‘ کہا جائے ۔

راویان ایجوکیشنل سروسز ٹرسٹ (REST) کے ٹرسٹی ضیا الاسلام نے بتایا کہ گزشتہ برسوں کے دوران اولڈ راوینز کے زیر انتظام12 گرلز اسکولوں نے ایک زبردست بہتری دکھائی ہے۔خستہ حال اسکولوں کی عمارتوں کو جدید قلب میں ڈھالا گیا ہے اور 200سے زائد لڑکیاں ان تعلیمی اداروں میں حصول علم میں مشغول ہیں ۔انہوںنے کہا کہ اس سلسلے میں نجی اداروں کے ساتھ شراکت داری کی گئی ہے تاکہ پسماندہ مقامی لوگوں کو بہتر تعلیمی مواقع حاصل ہوسکیں ۔

طارق مصطفی نے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی جانب سے اس تقریب کی میزبانی کرنے پر خوشی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کئی دہائیوں تک اورک کی قیادت کرنے پر خاور بٹ کو سینئر ترین راوین کے طور خراج تحسین پیش کیا ۔سینئر وائس چیئرمین گلزار قاضی نے گورنر سندھ،طارق مصطفی، خاور بٹ اور تمام موجود افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مصنوعی ذہانت کی تربیت کے لیے امریکا کے سی آر ایس کے ساتھ معاہدے میں سہولت فراہم کرنے پر گورنرکامران ٹیسوری کے اقدام کی تعریف کی۔

انہوںنے کہا کہ ایک کمیونٹی کے طور پر، پرانے راوینز نے اپنے آپ کو انسان دوستی، تعلیم اور قومی ترقی کے لیے دوبارہ وقف کیا۔بعد ازاں تقریب میں محفل موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا جبکہ ایک جوڑے،کو بہترین ملبوس پر انعام دیا گیا ۔