Live Updates

پی ٹی آئی کا موجودہ کردار اینٹی پاکستان ہے مگر عوام افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، رانا تنویر حسین

9 مئی کا واقعہ ناقابل قبول عمل ہے اور حملے کرکے ملکی سلامتی کے ادارے کو کمزور کرنے کی کوشش کی گئی؛ وفاقی وزیر کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی اتوار 4 مئی 2025 18:05

پی ٹی آئی کا موجودہ کردار اینٹی پاکستان ہے مگر عوام افواج پاکستان ..
مریدکے ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 مئی 2025ء ) وفاقی وزیر غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین کا کہنا ہے کہ 9 مئی کا واقعہ ناقابل قبول عمل ہے اور حملے کرکے ملکی سلامتی کے ادارے کو کمزور کرنے کی کوشش کی گئی، پی ٹی آئی کا موجودہ کردار اینٹی پاکستان ہے مگر 24 کروڑ عوام افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے تبدیلی موسمیات رانا احمد عتیق، سابق چیئرمین رانا ماجد نواز، میاں شبیر احمد، رانا حسیب عامر کے ہمراہ مریدکے میں اپنے فارم ہاؤس پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر واقعہ کے بعد بھارت مریدکے پر حملے کی دھمکی دیتا ہے مگر افواج پاکستان کے ساتھ مریدکے والے دفاع کرنا جانتے ہیں، مرکز طیبہ مریدکے میں صرف تعلیمی اور صحت کے ادارے کام کررہے ہیں، ہماری افواج نے بھارتی رافیل واپس دھکیل دئیے اور بھارت کی طرف سے حملے کی تین کوششیں ناکام بنا ڈالیں، مودی حالات پر غور کرے اور جنگی ماحول کو ٹھنڈا کرے تاکہ خطے کا امن تباہ ہونے سے محفوظ رہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارا ابدالی میزائل نیوکلیئر ہتھیار لے جا سکتا ہے اور ہم اپنے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہیں، ہماری بہادر افواج بلوچستان اور خیبرپختونخواہ میں بھارتی دہشت گردی کا قلع قمع کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی سرحدوں کا بھی دفاع کررہی ہیں جب کہ دنیا نے بھی واضح کردیا ہے کہ بھارتی اقدام قابل قبول نہیں ہے، وزیر اعظم میاں شہباز شریف کا بیانیہ جیت گیا ہے اور دنیا نے پہلگام واقعہ کی انکوائری کے مؤقف کو سپورٹ کو کیا ہے، چین نے سچے دوست کا کردار ادا کرتے ہوئے ہر حال میں ساتھ دینے اور دنیا کے دیگر ممالک نے بھارت کو امن تباہ کرنے سے روکنے کے پیغامات بھیجے ہیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات