چیئرمین زکوٰۃ و عشر کمیٹی پنجاب کی جانب سے میونسپل کمیٹی سلانوالی میں کھلی کچہری کا انعقاد

اتوار 4 مئی 2025 19:00

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2025ء) چیئرمین زکوٰۃ و عشر کمیٹی پنجاب رانا منور غوث خان نے میونسپل کمیٹی سلانوالی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مستحقینِ زکواۃ کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے احکامات جاری کیے ۔ انہوں نے مستحقین ِ زکوۃ کے مسائل کو موقع پر حل کروایا اور کہا کہ مستحقینِ زکوۃ کو کسی قسم کی دشواری اور زکواۃ وصولی میں رکائوٹ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ زکواۃ آفیسر اور دیگر زکواۃ افسران بھی موجود تھے۔ بعد ازاں انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا جن میں چنن پورہ اور سلانوالی تا فاروقہ روڈ شامل ہیں۔ انہوں نے عہدیداروں کو تعمیراتی کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت دی اور اس بات پر زور دیا کہ سڑک کی تعمیر کے معیار میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام جاری منصوبوں میں بہترین معیار کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں صوبائی حکومت تحصیل لیول پر عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع سرگودھا میں کئی نئے منصوبے شروع کیے گئے جن میں سے کچھ مکمل ہو چکے ہیں جبکہ باقی جلد مکمل کر لیے جائیں گے۔