وفاقی وزراء کی تنخواہوں میں 140 فیصد سے زائد اضافہ، تفصیلات سامنے آگئیں

یکم جنوری 2025 سے اطلاق کرکے اضافی تنخواہیں پچھلے مہینوں کے بقایاجات سمیت دی جائیں گی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 4 مئی 2025 20:23

وفاقی وزراء کی تنخواہوں میں 140 فیصد سے زائد اضافہ، تفصیلات سامنے آگئیں
اسلام اباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 مئی 2025ء ) حکومت نے وفاقی وزراء کی تنخواہوں میں 140 فیصد سے زائد اضافہ کردیا ہے جس کی تفصیل سامنے آگئی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزراء کی تنخواہیں صدارتی آرڈیننس کے ذریعے مزید بڑھا دی گئی ہیں، حکومت کی جانب سے وفاقی وزراء اور وزراء مملکت کی تنخواہیں اراکین قومی اسمبلی کے برابر کی گئی ہیں، اس مقصد کیلئے صدر مملکت آصف علی زرداری نے تنخواہ، مراعات و استحقاق ایکٹ 1975ء میں ترمیم کے لیے باقاعدہ آرڈیننس جاری کر دیا۔

بتایا گیا ہے کہ اس آرڈیننس کے تحت وفاقی وزراء اور وزراء مملکت کی بنیادی تنخواہوں میں 140 فیصد سے زائد اضافہ کردیا گیا، نئے قانون کے تحت اب وفاقی وزراء کی تنخواہ 2 لاکھ 18 ہزار روپے سے بڑھا کر 5 لاکھ 19 ہزار روپے ماہانہ کر دی گئی ہے، اس تنخواہ میں اضافے کا اطلاق یکم جنوری 2025 سے کیا گیا ہے جس کا مطلب ہے کہ تمام وفاقی وزراء اور وزراء مملکت کو اضافی تنخواہیں پچھلے مہینوں کے بقایا جات سمیت دی جائیں گی۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ صدر مملکت نے قومی زرعی تجارت اور فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے قیام کا آرڈیننس بھی جاری کردیا، صدر مملکت آصف علی زرداری نے ٹیکس لا ترمیمی آرڈیننس بھی جاری کیا ہے، ٹیکس چوری روکنے کے لیے نیا اقدام کرتے ہوئے ٹیکس قوانین ترمیمی آرڈیننس 2025ء جاری کیا گیا ہے، حکومت نے ایف بی آر میں انفورسمنٹ کے ذریعے ٹیکس ریکوری کو بہتر بنانے کے لیے آرڈیننس جاری کیا، محصولات اہداف میں کمی کے باعث ٹیکس قوانین ترمیمی آرڈیننس 2025 جاری کیا گیا، جس کے لیے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001، فیڈرل ایکسائز ایکٹ 2005 میں اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔