صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے

شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے اپنے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے

Sajid Ali ساجد علی منگل 1 جولائی 2025 11:47

صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 جولائی 2025ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 4.4 ریکارڈ کی گئی اور زلزلے کی گہرائی 14 کلومیٹر تھی جب کہ زلزلے کا مرکز ساؤتھ ویسٹ لاہور تھا، لاہور کے علاوہ قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ ، گوجرانوالہ، مریدکے، کامونکی اور ننکانہمیں بھی زلزلے کی وجہ سے زمین لرز اٹھی، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے اپنے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔

بتایا گیا ہے کہ زلزلے کے جھٹکوں کے فوری بعد پنجاب بھر کی انتظامیہ کی طرف سے عمارتوں کی چیکنگ شروع کردی گئی، تاحال کسی بھی علاقے سے جانی و مالی نقصان کی رپورٹ موصول نہیں ہوئی ، زلزلہ کے آفٹر شاکس سے نمٹنے کے لیے مشینری اور عملے کو الرٹ کردیا گیا، پی ڈی ایم اے کے صوبائی کنٹرول روم سمیت پنجاب بھر کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز الرٹ ہیں، زلزلے سے نقصانات کی اطلاع پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر دی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

دو روز قبل صوبہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شدید زلزلے کے باعث درجنوں مکانات تباہ ہوگئے اور شہریوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی تھیں، بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل اور گردونواح میں اتوار کی صبح زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے نتیجے میں لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور متعدد علاقوں میں املاک کو بھی نقصان پہنچا، ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 5.5 ریکارڈ کی گئی، اس کی گہرائی 28 کلومیٹر اور زلزلے کا مرکز موسیٰ خیل سے 56 کلومیٹر شمال مشرق میں تھا۔

بتایا جارہا ہے کہ زمین کی تہہ تین بڑی پلیٹوں سے بنی ہوئی ہے، پہلی تہہ کا نام یوریشین، دوسری بھارتی اور تیسری اریبین ہے، زیر زمین حرارت جمع ہوتی ہے تو یہ پلیٹس سرکتی ہیں، زمین ہلتی ہے اور یہی کیفیت زلزلہ کہلاتی ہے، زلزلے کی لہریں دائرے کی شکل میں چاروں جانب یلغار کرتی ہیں، زلزلوں کا آنا یا آتش فشاں کا پھٹنا ان علاقوں ميں زیادہ ہے جو ان پلیٹوں کے سنگم پر واقع ہیں اور جن علاقوں میں ایک مرتبہ بڑا زلزلہ آ جائے تو وہاں دوبارہ بھی بڑا زلزلہ آ سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کا دو تہائی علاقہ فالٹ لائنز پر ہے جس کے باعث ان علاقوں میں کسی بھی وقت زلزلہ آسکتا ہے، کراچی سے اسلام آباد، کوئٹہ سے پشاور، مکران سے ایبٹ آباد اور گلگت سے چترال تک تمام شہر زلزلوں کی زد میں ہیں جن میں کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقے حساس ترین شمار ہوتے ہیں جب کہ دنیا بھر میں زلزلے کے اعتبار سے پاکستان دنیا کا پانچواں حساس ترین ملک ہے، پاکستان انڈین پلیٹ کی شمالی سرحد پر واقع ہے جہاں یہ یوریشین پلیٹ سے ملتی ہے، یوریشین پلیٹ کے دھنسنے اور انڈین پلیٹ کے آگے بڑھنے کا عمل لاکھوں سال سے جاری ہے، پاکستان کے دو تہائی رقبے کے نیچے سے گزرنے والی تمام فالٹ لائنز متحرک ہیں جہاں کم یا درمیانے درجہ کا زلزلہ آتا رہتا ہے۔