Live Updates

ہونڈا کی مختلف ماڈلز کی موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں اضافہ، عوامی سواری مزید مہنگی ہوگئی

یہ اقدام وفاقی بجٹ میں موٹر سائیکل انجن کی درآمد پر عائد کیے گئے ایک فیصد کاربن لیوی کے نفاذ کے بعد سامنے آیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 1 جولائی 2025 11:39

ہونڈا کی مختلف ماڈلز کی موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں اضافہ، عوامی سواری ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 جولائی 2025ء ) ہونڈا نے اپنی مختلف ماڈلز کی موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کردیا جس کے ساتھ ہی عوامی سواری مزید مہنگی ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق موٹر سائیکل ساز کمپنی ہونڈا اٹلس لمیٹڈ کی جانب سے اپنی مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے، ہونڈا اٹلس لمیٹڈ نے یکم جولائی 2025ء سے اپنی مختلف ماڈلز کی موٹرسائیکلوں کی قیمتیں 2 ہزار سے 6 ہزار روپے تک بڑھادی ہیں، یہ اقدام مالی سال 2025/26ء کے وفاقی بجٹ میں موٹر سائیکل انجن کی درآمد پر عائد کیے گئے ایک فیصد کاربن لیوی کے نفاذ کے بعد سامنے آیا۔

ڈیلرز نے اضافے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نئی ٹیکس پالیسی کے اثرات کمپنی کی پیداواری لاگت پر پڑے ہیں، جس کا بوجھ اب خریداروں پر منتقل کیا جا رہا ہے، قیمتوں میں اضافے کے بعد ہونڈا کی مقبول ماڈل سی ڈی 70 کی نئی قیمت 2 ہزار روپے اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 59 ہزار 900 روپے ہو گئی ہے، سی ڈی 70 ڈریم کی قیمت 2 ہزار 600 روپے بڑھنے کے بعد 1 لاکھ 70 ہزار 900 روپے تک پہنچ چکی ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح ہونڈا پرائڈر میں 3 ہزار روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 2 لاکھ 11 ہزار 900 روپے ہو گئی ہے، ہونڈا سی جی 125 کی قیمت بھی 4 ہزار روپے اضافے کے بعد اب 2 لاکھ 38 ہزار 900 روپے ہو چکی ہے، کمپنی کے نسبتاً مہنگے ماڈل ہونڈا 150 کی قیمت میں 6 ہزار روپے کا نمایاں اضافہ ہوا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 4 لاکھ 99 ہزار 900 روپے تک جا پہنچی۔

دوسری طرف نئے مالی سال کے آغاز پر وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے تک کا اضافہ کر دیا گیا ہے، وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے تحت حکومت نے یکم جولائی سے 15 جولائی تک کیلئے ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 39 پیسےفی لیٹر اور پٹرول کی قیمت میں 8 روپے 36 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا ہے، حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے کے فیصلے کا فوری اطلاق کر دیا گیا جس کے تحت پٹرول کی نئی فی لیٹر قیمت 266 روپے 79 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت 272 روپے 98 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ ممکنہ طور پر حکومت کی جانب سے کاربن لیوی عائد کر کے اور پٹرولیم لیوی میں اضافہ کر کے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے لیکن یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ایران اسرائیل کشیدگی ختم ہونے کے بعد عالمی مارکیٹ میں گزشتہ چند روز کے دوران نمایاں کمی ہوئی۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات