مہنگائی نے تنخواہ دارطبقے کا جینا حرام کردیا ہے‘جے یو آئی

ارکان اسمبلی اور پہلے سے ہی مراعات یا فتہ طبقے کی تنخواہوں میں اضا فہ ملک اورقوم سے زیادتی ہے

پیر 5 مئی 2025 15:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2025ء)امیر جمعیت علمائے اسلام (ف)سٹی لاہور محمد افضل خان، جنرل سیکرٹری حافظ عرفان شجاع بٹ، سالار مولانا محمد عمیر مہمند، ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا عبد الودود شاہد، صدر لائرز فورم لاہور محمد ہاشم تہامی ایڈووکیٹ، صدر لائرز فورم سٹی لاہور فیضان شجاع بٹ ایڈووکیٹ، اور ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات قاری منظور الحسن چترالی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ مہنگائی نے تنخواہ دارطبقے کا جینا حرام کردیا ہے،چھوٹے ملازمین کا گزر بسر نہایت مشکل ہوتا جارہا ہے اور نوبت گھروں میں فاقوں تک پہنچ چکی ہے، ارکان اسمبلی اور پہلے سے ہی مراعات یا فتہ طبقے کی تنخواہوں میں اضا فہ ملک اورقوم سے زیادتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت ایک جانب پیسے نہ ہونے اور آئی ایم ایف کی شرائط پر تنخواہیں نہ بڑھانے کی بات کرتی ہے مگر دوسری جانب پہلے سے مراعات یافتہ طبقہ ارکان اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات میں متعدد بار اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ ملازمین طبقہ جومہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے انکی تنخواہیں بڑھانے کا کہا جائے تو حکومت وقت آئی ایم ایف اور بجٹ نہ ہونے کے نام پر حیلے بہانوں سے کام لیتی ہے ۔ اگلے ماہ پیش ہونے والے بجٹ میں مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں اضافہ نا گزیر ہے۔