کشمیر کو ہندوستان کی باقی ریاستوں کی طرح نہ سمجھا جائے بلکہ تاریخ کی روشنی میں اس مسئلہ کا حل تلاش کیا جائے،یونس ترابی

پیر 5 مئی 2025 17:06

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2025ء)ممتاز کشمیری دانشور،کئی کتابوں کے مصنف یونس ترابی سے ان کی رہائش گاہ پر پیپلزپارٹی فیڈرل کونسل کے ممبر اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے قریبی ساتھی چوہدری امین،خرم مراد،پیپلز پارٹی برمنگھم برانچ کے سینئر نائب صدر چوہدری محمد شبیر اور ممتاز قانون دان فاروق اعظم نے ملاقات کی۔ممتاز کشمیری رہنما یونس ترابی نے وفد کو مسئلہ کشمیر اہم پہلوؤں سے روشناس کراتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی تاریخ پانچ ہزار سال پہ محیط ہے کشمیر کو ہندوستان کی باقی ریاستوں کی طرح نہ سمجھا جائے بلکہ تاریخ کی روشنی میں اس مسئلہ کا حل تلاش کیا جائے تب ہی جا کہ برصغیر پاک وہند میں دائمی امن ممکن ہو سکتا ہے اور یہ تقیسم کے وقت کے حکمرانوں یعنی کہ برطانیہ کی اخلاقی اور قانونی ذمہ داری ہے کہ وہ اس مسئلہ کو کشمیری عوام کی مرضی اور امنگوں کے مطابق حل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری امین نے کہا کہ پیپلزپارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو عالمی فورمز پر جاندار طریقے سے اٹھایا اور ہمیشہ کشمیریوں کے شانہ بشانہ رہی ہم نے کبھی الحاق کی بات نہیں کی ہمیشہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کی بات کی ایسا حل جو کشمیری لوگوں کی امنگوں کے مطابق ہو۔فاروق اعظم ایڈوکیٹ نے بھی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے یونس ترابی باتوں سے مکمل اتفاق کیا چوہدری محمد شبیر نے کہا کہ یونس ترابی کی مسئلہ کشمیر کے لئے خدمات قابل تحسین ہیں چوہدری محمد شبیر نے وفد کو وقت دینے اور شاندار میزبانی پر یونس ترابی کا شکریہ ادا کیا۔