ملکی ترقی مزدور کی خوشحالی سے وابستہ ہی:سلطان محمد خان

مزدور پاکستان کے ماتھے کا جھومر ہیں،صدر آل پاکستان لیبر فیڈریشن کی میڈیا سے گفتگو

پیر 5 مئی 2025 17:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2025ء)آل پاکستان لیبر فیڈریشن کے مرکزی صدر اورپاکستان سینٹرل ما ئنز لیبر فیڈریشن کے مر کز ی سیکرٹری جنرل سلطان محمد خان نے کہا ہے کہ مزدور پاکستان کے ماتھے کا جھومر ہیں ملکی ترقی اور معیشت کی مضبوطی مزدور کی خوشحالی سے وابستہ ہے لہٰذا وفاقی وصوبائی حکومتیں مزدور دوست لیبر پالیسی بنائیں ،لیبر قوانین کی تعمیل کو یقینی بنانے اور کاروباری سطح پر محنت کشوں کے حقوق اور سماجی مکالمے کے احترام کے کلچر کو فروغ دینے کیلئے عملی اقدامات کریں، قومی اور صوبائی سطح پر موجودہ سہ فریقی مشاورتی کمیٹیوں کے ذریعے آجراور اجیرکے ساتھ فعال رابطے کئے جائیں ،صنعتی ترقی کیلئے حکومت، مالکان اور مزدور نمائندوں کا باہمی اشتراک ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔آل پاکستان لیبر فیڈریشن کے مرکزی صدر سلطان محمد خان نے کہا کہ این آئی آر سی کا صنعتی اداروں اور ان میں کام کرنے والے مزدوروںمیں ہم آہنگی پیدا کرنے میں اہم کردار ہے،چیئرمین نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے اپنے تجربے کی روشنی میں این آئی آر سی میں نئی روح پھونک دی ہے۔

پاکستان سینٹرل ما ئنز لیبر فیڈریشن کے مر کز ی سیکرٹری جنرل سلطان محمد خان نے کہا کہ سوشل ڈائیلاگ انتہائی ناگزیر ہیں جس سے اتفاق رائے قائم کرنے میں مدد ملتی ہے لہٰذاکام کرنے کی جگہ کے ماحول کو بہتر بنانے اور کاروبار کی پائیداری کے فروغ کیلئے سوشل ڈائیلاگ کی اہمیت کو پہچانیں اور اس کو اپنائیں، موجودہ صورتحال میں حکومت اور آجر مزدوروں کے نمائندوں کے ساتھ رابطے اور مشاورت کے کلچر کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے۔