پلندری، تجاوزات اورغیرقانونی لگائی گئی ریڑھیوں کے خلاف بلاتفریق بھرپور کارروائی

پیر 5 مئی 2025 17:25

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2025ء) ڈپٹی کمشنر سدھنوتی سید ممتاز کاظمی کی ہدایات پر پلندری بازار میں غلط پارکنگ ، تجاوزات اور غیر قانونی لگائی گئی ریڑھیوں کے خلاف بلاتفریق بھرپور کارروائی عمل میں لائی گئی۔کارروائی میں اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر سردار محمد پرویز خان، اسسٹنٹ کمشنر(اضافی) سدھنوتی سردار رضوان لطیف، پولیس اور بلدیہ کے عملے نے حصہ لیا۔

کارروائی کے دوران متعدد موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں جو رانگ پارکنگ میں کھڑی تھیں اور ریڑھیاں پولیس نے قبضے میں لے کر تھانہ منتقل کر دیں۔ بازار میں قائم تجاوزات کا صفایا کرتے ہوئے دکانداروں کا شٹر سے باہر رکھا گیا سامان اٹھوا دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ صرف اپنی دکان کی حدود میں رہتے ہوئے کاروبار کریں، خلاف ورزی پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے ہیں جبکہ آئندہ مزید سخت کارروائی کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر سید ممتاز کاظمی نے کہا ہے کہ بازار میں آمدورفت میں رکاوٹ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی تاکہ خریداروں کو آسانی میسر آئے۔عوامی حلقوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ بازار کو منظم رکھنے کے لیے ایسی کارروائیاں وقتاً فوقتاً جاری رہنی چاہییں۔