Live Updates

سوئی تا کشمور روڈ منصوبہ ایک سڑک کا نام نہیں بلکہ یہ ترقی خوشحالی اور استحکام کی طرف بڑھتا ہوا سفر ہے، وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا سوئی میں تقریب سے خطاب

پیر 5 مئی 2025 22:23

سوئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 مئی2025ء) وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ سوئی تا کشمور روڈ منصوبہ ڈیرہ بگٹی سمیت پورے علاقے کی تقدیر بدلنے کا سبب بنے گا یہ سڑک نہ صرف ذرائع آمد و رفت کو بہتر بنائے گی بلکہ مقامی معیشت کو بھی مضبوط کرے گی بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کو قومی دھارے سے جوڑنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو سوئی تا کشمور روڈ منصوبے کی سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری پیٹرولیم میاں خان بگٹی چیئرمین ضلع کونسل ڈیرہ بگٹی میر غلام نبی شمبانی و دیگر عمائدین بھی موجود تھے وزیراعلی بلوچستان نے علاقے سے منتخب رکن قومی اسمبلی، مقامی بلدیاتی نمائندوں اور عمائدین کے ہمراہ سوئی تا کشمور روڑ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا اس موقع پر پروجیکٹ ڈائریکٹر نے منصوبے کی افادیت دورانیہ تکمیل اور لاگت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی سنگ بنیاد رکھنے کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سوئی کشمور روڑ منصوبہ ضلع ڈیرہ بگٹی میں شروع ہونے والا پہلا بڑا مواصلاتی منصوبہ ہے جس سے کسانوں کو زرعی اجناس منڈیوں تک پہنچانے میں سہولت میسر آئے گی روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور مقامی ترقی کی راہیں کھلیں گی وزیراعلی نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ضلع ڈیرہ بگٹی سمیت تمام پسماندہ علاقوں کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کا پختہ عزم کیا ہے اور اس ضمن میں عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ سوئی تا کشمور روڈ منصوبہ صرف ایک سڑک کا نام نہیں بلکہ یہ ترقی خوشحالی اور استحکام کی طرف بڑھتا ہوا سفر ہے جو مقامی آبادی کی زندگی میں مثبت تبدیلیاں لائے گا اس سڑک سے نہ صرف طبی سہولیات اور تعلیمی اداروں تک رسائی آسان ہوگی بلکہ تجارت کو بھی فروغ ملے گا اور نئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے وزیراعلی نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوامی امنگوں کی ترجمان ہے اور ہم ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے میرٹ پر روگار کی فراہمی زرائع مواصلات، آبی وسائل اور زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے ہم چاہتے ہیں کہ بلوچستان کو ایک پرامن خوشحال اور ترقی یافتہ صوبہ بنایا جائے جو نہ صرف خود کفیل ہو بلکہ پورے پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے وزیراعلی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سوئی کشمور روڈ منصوبے کو مقررہ وقت میں معیاری انداز میں مکمل کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ اس کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچیں قبل ازیں وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی پیر کو ایک روزہ دورے پر سوئی پہنچے جہاں قبائلی عمائدین اور عوام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا سوئی کشمور روڈ پراجیکٹ کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں آمد پر بچوں نے وزیر اعلی بلوچستان کو پھول پیش کئے ، وزیر اعلی نے بچوں سے شفقت کا اظہار کیا، تقریب میں قبائلی عمائدین، مقامی بلدیاتی نمائندوں سمیت عوام کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور منصوبے کے آغاز پر مسرت کا اظہار کیا۔

Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات