وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا خیبرپختونخوا میں خوارجی دہشتگردوں کے خلاف کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین

منگل 6 مئی 2025 00:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2025ء) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا میں خوارجی دہشتگردوں کے خلاف کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔ اپنے بیان میں وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے ہمیشہ کی طرح آج بھی بر وقت کارروائیاں کرکے خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ملیا میٹ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 8 خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے خوارجی دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے نائیک مجاہد خان کو خراج عقیدت پیش کیا ۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید نائیک مجاہد خان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کی ۔ انہوں نے کہا کہ نائیک مجاہد خان وطن کی خاطر جان نچھاور کرکے ہمیشہ کے لیے امر ہو گئے۔نائیک مجاہد خان ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ خوارجی دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔