پالیسی ریٹ میں 1فیصد کی کمی کو موجودہ ملکی معاشی حالات میں انتہائی ناکافی قرار دیا ہے، ریحان نسیم بھراڑہ

منگل 6 مئی 2025 10:20

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2025ء)فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے پالیسی ریٹ میں 1فیصد کی کمی کو موجودہ ملکی معاشی حالات میں انتہائی ناکافی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سمیت اُن کی معاشی ٹیم کے ارکان اس بات کا برملا اعتراف کر چکے ہیں کہ جب تک پالیسی ریٹ میں سنگل ڈیجٹ میں نہیں آئے گا صنعتوں کو منافع بخش طور پر چلانا ممکن نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت جو لوگ صنعتیں چلا رہے ہیں وہ دراصل اپنا ذاتی نقصان کررہے ہیں اس لئے پالیسی ریٹ میں کم از کم 4فیصد کی کمی ضروری تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت افراط زر، زرمبادلہ کے ذخائر، برآمدی اور دیگر معاشی اشارے بتدریج بہتر ہو رہے ہیں اس لئے پالیسی ریٹ میں چار فیصد تک کی کمی کی گنجائش موجود تھی لیکن سٹیٹ بینک نے پالیسی ریٹ میں صرف ایک فیصد کی کمی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی پیداوار اور برآمدات میں اضافہ کیلئے حکومت کو پالیسی ریٹ کو جلد از جلد سنگل ڈیجٹ میں لانے کا فیصلہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی ریٹ میں صرف ایک فیصد کی کمی سے بزنس کمیونٹی کو مایوسی ہوئی ہے۔