اسلام آباد کے بعد پنجاب نے بھی اوورسیز پاکستانیوں کیلئے خصوصی عدالتیں قائم کرنے کی منظوری دی ہے، چوہدری سالک حسین

منگل 6 مئی 2025 23:22

اسلام آباد کے بعد پنجاب نے بھی اوورسیز پاکستانیوں کیلئے خصوصی عدالتیں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مئی2025ء)وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین سے گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں بیرون ممالک روز گار اور ہنر کی فراہمی کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ بیرون ملک روز گار کی فراہمی کے حوالے سے خیبرپختونخوا ترجیحات میں شامل ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے لوگوں کو بیرون ممالک میں روز گار کے حوالے سے مسائل کا سامنا ہے، ڈیرہ اسماعیل خان میں لیبر کالونی، اسپتال اور پروٹیکٹر آفس کا قیام ضروری ہے،خیبر پختو خوا کے لوگوں کیلئے بیرون ممالک نوکریوں اور ہنر کی فراہمی کے پروگرامز میں کوٹہ مختص کیا جائے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو میرٹ اور صلاحیت کی بنیاد پر مواقع فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے، اسلام آباد کے بعد پنجاب نے بھی اوورسیز پاکستانیوں کیلئے خصوصی عدالتیں قائم کرنے کی منظوری دی ہے، خیبر پختونخوا میں بھی اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے خصوصی عدالتوں کے قیام کیلئے قانون سازی کی ضرورت ہے۔

چوہدری سالک حسین نے کہا کہ پنجاب کی طرز پر خیبرپختونخوا میں خصوصی اوورسیز عدالتوں کا قیام ضروری ہے۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے خیبرپختونخوا میں اوورسیز پاکستانیوں کیلئے خصوصی عدالتوں کے قیام کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔