Live Updates

بھارت نے فالس فلیگ آپریشن کرکے خود اپنے ہی لوگوں کو مارا ‘ مشعال ملک

منگل 6 مئی 2025 23:41

بھارت نے فالس فلیگ آپریشن کرکے خود اپنے ہی لوگوں کو مارا ‘ مشعال ملک
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2025ء)چیئرمین پیس اینڈ کلچر اورکشمیری حریت پسند رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ پروفیسر ساجدمیر کشمیر کاز پر ایک موثر آواز تھے جنہوں پارلیمنٹ، رابطہ عالم اسلامی سمیت دنیا کے ہر فورم پر مضبوط مقدمہ پیش کیا،دہشت گردی کے واقعات دنیا بھر میں ہوتے ہیں لیکن پہلگام واقعہ میں مودی سرکار نے ایک ایسا رپیٹ بٹن آن کیا ہے جس میں بھی یہ خود بینی فشری ہوتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلحدیث راوی روڈ کا دورہ کر کے سینیٹر پروفیسر ساجد میر کی وفات پر اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔مشعال ملک نے قائمقام امیر مولانا علی محمد ابوتراب ، علامہ معتصم الٰہی ظہیر، سید عتیق الرحمن شاہ، محمد علی یزدانی سے ملاقات کر کے پروفیسر ساجد میر کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پروفیسر ساجد میر کی ناگہانی وفات پر دِلی رنج ہوا،پروفیسر ساجد میر کی دینی، علمی اور پارلیمانی خدمات ناقابل فراموش ہیں،میں دکھ کی اِس گھڑی میں ان کے خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہوں۔

اللہ تعالی انہیں اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر و ہمت سے یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ 2000ء میں مودی سرکار نے سکھوں کو ٹارگٹ کرکے سکھوں کی تحریک اور کشمیریوں کی تحریک کو کمزور کرنے کیلئے پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے پاکستان پر الزام عائد کیا تھا ،بھارت نے یہ فالس فلیگ آپریشن کر کے خود اپنے ہی لوگوں کو بھی مارا جس میں سیاح اور کشمیر کے لوگ بھی شامل تھے،یہ بہت ہی خوفناک قسم کا ایک سائیکل چل پڑا ہے جس کو یہ اپنے الیکشن جیتنے کیلئے استعمال کر تے ہیں، یہ کھیل قابل مذمت ہے ،واقعہ کے 10منٹ کے اندر فوری طور پر پاکستان پر الزام عائد کر دینا اور اسی پر فوری ایف آئی آردے کر کشمیری لوگوں اور پاکستان کو مورد الزام ٹھہرا کر جبری طور پر پاکستان پر ایک جنگ مسلط کر دینا بالکل غلط ہے،یہ ہر بار اسی طرح کے فالس فلیگ آپریشن کر کے الزامات پاکستان پرلگاتے ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ بلوچستان سمیت پورے ملک میں ہر جگہ بھارت دہشتگردی کر رہا ہے،آر ایس ایس کا نظریہ پوری دنیا میں پھیلایا جا رہا ہے،اسی نظریے کی وجہ سے میری والدہ بھی شہید ہوئی ہیں جس میں انہیں بھی زہر دے کر مارا گیا،کشمیری ہر وقت کفن باندھ کر بھارت کے اس ظلم کے خلاف کھڑے ہیں جس میں تمام پاکستانی قوم اور فوج بھی ہمارے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے،بھارت کو ہماری اس خاموشی کو کمزوری ہرگز نہیں سمجھنا چاہیے ہم ایک مضبو ط دفاعی پوزیشن رکھتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتوں سے یہی درخواست کروں گی کہ جنگ کا گیئر مودی کے ہاتھ میں نہیں ہونا چاہیے،ہمارے سیاستدانوں کو بھی یہ چاہیے کہ وہ اقوام عالم کے سامنے ا ایک مضبوط موقف پیش کریں جس میں مودی اور آر ایس ایس کا نظریہ واضح طور پر اقوام عالم کے سامنے آئے۔

Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات