سانگلہ ہل، وزیراعلی کا خواب صاف ستھرا پنجاب صرف خواب بن کررہ گیا

نئے منیجر کی تعیناتی پر بھی صفائی ستھرائی کے انتظامات ٹھیک نہ ہوسکے،شہر بھر کی نالیاں اور گٹر ابل پڑے،گندا پانی گلیوں اور بازاروں میں چلنے لگا

منگل 6 مئی 2025 12:24

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2025ء)سانگلہ ہل شہر بھر کی نالیاں اور گٹر ابل پڑے،گندا پانی گلیوں اور بازاروں میں چلنے لگا،گندگی سے موذی امراض پھیلنے کا خدشہ،لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کارکردگی بھی ٹھوس،صفائی کی مد میں کروڑوں روپیہ کا ٹھیکہ بھی بے معنی نکلا۔ نئے مینجر رانا نوید کی تعیناتی پر بھی صفائی ستھرائی کے انتظامات ٹھیک نہ ہوسکے۔

ویسٹ مینجمنٹ کی کارکردگی صرف کوڑے پوائنٹ سے کوڑا اٹھانے تک محدود،شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ تفصیل کے مطابق شہر کے گلی محلوں میں نالیوں اور نالوں کی صفائی نہ ہونے پر سیوریج کا گندا پانی گلیوں اور بازاروں میں چلنے لگا جس سے راہگیروں اور نمازیوں کو بھی پریشانی کے سامنے کے ساتھ ساتھ علاقہ مکینوں کیلئے گندگی بیماریاں پھیلانے کا باعث بننے لگی۔

(جاری ہے)

لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بھی شہر میں صفائی ستھرائی کے نظام میں بہتری لانے کی بجائے ٹھوس ہو کر رہ گئی۔ احمد آباد،حاجی پارک،ماڈل ٹاون،گارڈن ٹاون،اقبالپورہ و دیگر گلی محلوں میں عرصہ دراز سے نالیوں اور گندے نالوں کی صفائی نہ ہوسکی بار بار اطلاع کے باوجود کوئی سنوائی نہ ہو سکی جب کہ ایل ڈبلیو ایم سی کا صفائی شکایت ہیلپ لائن نمبر1139بھی بیکار جس کے باعث شہری سراپا احتجاج بن گئے۔

شہریوں نے بتایا کہ جب بلدیہ کمیٹی سے نالیوں کی صفائی کا مطالبہ کیا جائے تو جواب میں بتایا جاتا ہے کہ صفائی کا ٹھیکہ نجی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو دے دیا گیا ہے جس کے وہ ذمہ دار ہیں اور جب ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے عملہ سے بات کی جائے تو وہ سارا ملبہ بلدیہ پر ڈال دیتا ہے کوئی بھی ذمہ داری لینے کیلئے تیار نہیں۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر ننکانہ اور وزیر اعلی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ فوٹو سیشن کی بجائے گلی محلوں میں صفائی ستھرائی کروا کر صاف ستھرے پنجاب کو عملی جامہ پہنچایا جائے۔