محکمہ صحت و آبادی کی جانب سے بھارت کے خلاف ریلی ، پاک فوج کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار

منگل 6 مئی 2025 12:49

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2025ء) محکمہ صحت و آبادی جنوبی پنجاب کے زیرِ اہتمام ملتان میں بھارتی جارحیت اور پہلگام واقعہ کے خلاف ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی قیادت محکمہ صحت کے سیکرٹریز محمد شہباز حسین اور امان اللہ نے کی ۔ریلی میں سول سوسائٹی کے نمائندوں،مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سمیت محکمہ صحت کے افسران اور ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس پر بھارتی جارحیت کے خلاف نعرے درج تھے۔اس موقع پر شہریوں کی جانب سے اپنی مسلح افواج کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔یکجہتی ریلی شہباز شریف ہسپتال ملتان سے شروع ہو کر چلڈرن اسپتال ملتان اختتام پذیر ہوئی۔اس موقع پر سپیشل سیکریٹری محکمہ صحت و آبادی جنوبی پنجاب محمد شہباز حسین نے کہا کہ پاکستانی قوم ہمیشہ اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے اور اب بھی وہی جذبہ قائم ہے ۔

(جاری ہے)

محمد شہباز حسین نے کہا کہبھارت ہمارےعوام کا یہ جوش و خروش دیکھ لے اور کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔ کسی بھی جارحیت کی صورت میں اپنی افواج کے ساتھ مل کر منہ توڑ جواب دیا جائے گا: سپیشل سیکریٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر جنوبی پنجاب امان اللہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ محب وطن پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ ہر محاذ پر سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگی۔