48 لاکھ سے زائد بچے سکولوں سے باہر ہیں ،حکومت انہیں سکولوں میں لانے کیلئے بھرپور کوشش کر رہی ہے، صوبائی وزیر تعلیم

منگل 6 مئی 2025 16:02

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2025ء) خیبرپختونخوا میں تقریباً 50 لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں، جس کا انکشاف صوبائی محکمہ تعلیم کی ایک رپورٹ میں ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق صوبے میں 37 فیصد بچے تعلیم سے محروم ہیں، جن کی تعداد 49 لاکھ 20 ہزار ہے۔

(جاری ہے)

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ پشاور میں 8 لاکھ سے زیادہ بچے سکولوں سے باہر ہیں جبکہ کولئی پالس کوہستان میں تناسب کے حساب سے سب سے زیادہ 80 ہزار 333 بچے اسکولوں سے باہر ہیں، لوئر کوہستان اور اپر کوہستان میں 79 فیصد بچے سکول سے باہر ہیں،اس کے علاوہ، اپر چترال میں سب سے کم 10 فیصد بچے سکولوں سے باہر ہیں۔

اس حوالے سے صوبائی وزیر تعلیم خیبرپختونخوا فیصل ترکئی کا کہنا ہے کہ 48 لاکھ سے زائد بچے سکولوں سے باہر ہیں اور حکومت انہیں سکولوں میں لانے کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے سال 13 لاکھ بچوں کو اسکولوں میں داخل کرایا گیا اور رواں سال 10 لاکھ بچوں کو سکولوں میں داخل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔