لاہور ہائیکورٹ،وقار احمد خان کی جائیداد نیلامی کے خلاف درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ

منگل 6 مئی 2025 16:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2025ء) لاہور ہائیکورٹ کے تین رکنی بینچ نے پاک عرب ہاوسنگ سوسائٹی کے مالک وقار احمد خان کی دو ارب روپے سے زائد مالیت کی پراپرٹی کی نیلامی کے خلاف دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا ،عدالت نے باور کرایا کہ پہلے ہم نے طے کرنا ہے کہ نیب کیس کو ہم نے سننا ہے یا دو رکنی بینچ کو بھجوانا ہے،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے درخواست پر سماعت کی،دوران سماعت وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ دیکھنا ہوگا چیئرمین نیب کو ملزم کی گرفتاری کیلئے ورانٹ گرفتاری جاری کرنے کا قانونی اختیار ہے یا نہیں،دوران سماعت نیب کے وکیل نے درخواست کی مخالفت کی اور موقف اختیار کیا کہ اگر ایسے معاملات کو سنگل بینچ میں سماعت کیلئے بھیجا گیا تو پیچیدگیاں پیدا ہوں گی،عدالت ایسے معاملات کو سماعت کے لیے دو رکنی بینچ کو بھجوائے،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ وقار احمد خان کے خلاف پاک عرب ہاوسنگ سوسائٹی میں فراڈ کے الزام میں مقدمہ نیب کورٹ میں زیر سماعت ہے تاہم انہوں نے اپنی پراپرٹی نیب کے حوالے کر دی ہے جو نیب کے پاس محفوظ ہے،درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نیب کی جانب سے واجب الادا رقم کے بارے میں واضح معلومات فراہم نہیں کی جا رہیں،عدالت سے استدعا کی گئی کہ وہ نیب کورٹ کے پراپرٹی نیلامی کے فیصلے کو کالعدم قرار دے۔