کرم واقعات میں ملوث افراد کی گرفتاری کے بعد انتہائی مطلوب دہشت گردوں کے سروں کی قیمتیں مقرر

منگل 6 مئی 2025 16:46

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2025ء) آئی جی خیبر پختونخوا، ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ کرم واقعات میں ملوث افراد کی گرفتاری کے بعد انتہائی مطلوب دہشت گردوں کے سروں کی قیمتیں مقرر کر دی گئی ہیں۔ انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس خیبر پختونخوا، ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ کُرم میں حالیہ فسادات اور دہشت گردی کے واقعات میں ملوث تقریباً 125 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان جرائم اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے، اور ان سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔آئی جی کا کہنا تھا کہ حالیہ دہشت گردی کے متعدد واقعات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، جن میں علماء کرام کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ان واقعات میں ایک منظم گروہ ملوث ہے، اور پولیس کو ان گروہ کے افراد کے موبائل نمبرز تک رسائی حاصل ہوئی ہے، جس سے ملزمان تک پہنچنے کی کارروائیاں تیز ہو گئی ہیں۔

ذوالفقار حمید نے مزید کہا کہ کرم واقعات میں ملوث افراد کی گرفتاری کے بعد انتہائی مطلوب دہشت گردوں کے سروں کی قیمتیں مقرر کر دی گئی ہیں تاکہ ان کی گرفتاری میں مزید تیزی لائی جا سکے۔آئی جی خیبرپختونخوا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کی کارروائیوں کے خاتمے اور امن قائم کرنے کے لیے پولیس اپنی کوششیں جاری رکھے گی اور کسی بھی ملوث فرد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔