موجودہ دورمیں بچے شدید ذہنی دباؤ ، نفسیاتی مسائل کا شکارہو رہے ہیں، ڈاکٹر شکیل احمد

منگل 6 مئی 2025 18:37

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2025ء) موجودہ دور میں بچے شدید ذہنی دباؤ اور نفسیاتی مسائل کا شکار ہو رہے ہیں، جنہیں بروقت پہچاننا اور مناسب رہنمائی فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تعلیمی دباؤ، سوشل میڈیا کے منفی اثرات، والدین کی عدم توجہ اور گھریلو کشیدگی جیسے عوامل بچوں کو خاموشی سے ڈپریشن کی طرف دھکیل دیتے ہیں جس کے سنگین نفسیاتی اور جسمانی نتائج نکل سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر شکیل احمد نے بچوں میں ڈپریشن کے حوالے سے عمر ہسپتال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کے رویوں میں آنے والی تبدیلیوں کو سنجیدگی سے لیں، جیسے خاموشی، چڑچڑاپن، نیند یا کھانے کے معمولات میں خلل، تعلیمی کارکردگی میں کمی، یا زندگی سے بے زاری جیسے اشارے ڈپریشن کی واضح علامات ہو سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈپریشن کوئی شرمندگی نہیں بلکہ ایک قابل علاج بیماری ہےاور والدین، اساتذہ اور معالج مل کر بروقت قدم اٹھائیں تو بچوں کو اس ذہنی اذیت سے نکالا جا سکتا ہے۔ تقریب میں بچوں کی ذہنی صحت سے متعلق ڈاکیومنٹری فلم دکھائی گئی، والدین اور اساتذہ کے لیے سوال و جواب کا سیشن رکھا گیااور مفت نفسیاتی سکریننگ کی سہولت فراہم کی گئی۔

ڈاکٹر شکیل احمد نے اس بات پر زور دیا کہ ذہنی صحت کو جسمانی صحت جتنی ہی اہمیت دی جائے اور ہر گھر، اسکول اور ادارہ بچوں کے لیے ایسا ماحول فراہم کرے جہاں وہ آزادانہ طور پر اظہار کر سکیں، سنے جائیں اور ان کی شخصیت پروان چڑھ سکے۔ تقریب کے اختتام پر عمر ہسپتال کی انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بچوں کی ذہنی صحت پر شعور بیدار کرنے کے لیے ایسی تقریبات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ معاشرہ ایک مثبت اور صحت مند نسل کی بنیاد رکھ سکے۔