جی سی یو لاہور میں تھیسپین آرٹ گالا، فنونِ لطیفہ کے ذریعے منشیات کے خلاف مؤثر پیغام

منگل 6 مئی 2025 23:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مئی2025ء) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی (جی سی یو) لاہور میں تیسرا سالانہ تھیسپین آرٹ گالا منعقد ہوا، جس میںمختلف جامعات کے طلبہ و طالبات نے منشیات کے خلاف آگاہی کے پیغامات تھیٹر پرفارمنسز کے ذریعے پیش کیے۔تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر چوہدری، ریجنل کمانڈر اینٹی نارکوٹکس فورس پنجاب بریگیڈیئر سکندر حیات چوہدری اور معروف اداکار رشید محمود شریک ہوئے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر چوہدری نے کہا کہ فن صرف تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ معاشرتی اصلاح کا مؤثر وسیلہ بھی ہے اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بریگیڈیئر سکندر حیات چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ منشیات کی لعنت صرف فرد کو نہیں بلکہ پورے خاندان کو متاثر کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے معاشرے کے تمام طبقات کی ذمہ داری قرار دی کہ نوجوان نسل کو اس خطرے سے محفوظ رکھا جائے۔

انہوں نے جی سی یو کی اینٹی نارکوٹکس سوسائٹی کو آگاہی اور بچاؤ کی ایک مؤثر مثال قرار دیا۔مقابلے میں لاہور کالج آف فارماسیوٹیکل سائنسز نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ بیکن ہاؤس نیشنل یونیورسٹی رنر اپ قرار پائی۔لاہور کالج آف فارما سیوٹیکل سائنسز کے فیضان فریداور زوبیہ نے بہترین اداکار اور اداکارہ کا اعزاز حاصل کیا۔جی سی یو کی اینٹی نارکوٹکس سوسائٹی کے تھیٹر وِنگ نے پہلی مرتبہ ایک منفرد سولو پرفارمنس (ون مین شو) بھی پیش کیا، جسے حاضرین نے سراہا۔جیوری میں معروف فنکار رشید محمود، عمر ڈار، آمنہ انور خان اور عائشہ شہزاد شامل تھے، جنہوں نے تخلیقی صلاحیتوں اور سماجی پیغام رسانی کو سراہا۔