ساجدہ فاروق تارڑ کی قیادت میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ریلی کا انعقاد، پہلگام واقعہ پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش تھا،ساجدہ فاروق تارڑ کا خطاب

منگل 6 مئی 2025 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)حلقہ این اے127 کے مرکزی دفتر میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کیلئے عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ریلی کی قیادت وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کی والدہ ساجدہ فاروق تارڑ نے کی۔اس موقع پر عوام کی بڑی تعداد،پارٹی کارکنان، خواتین، نوجوان اور علاقہ کے معززین نے بھرپور شرکت کی۔

پی ایس او ٹو وفاقی وزیر شہباز طالب،اسد ابرار، حمزہ ملک، رابعہ افضل اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ریلی کے شرکا نے ہاتھوں میں قومی پرچم،پاک فوج کے حق میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر "پاک فوج زندہ باد"، "قوم کا فخر ہماری فوج"جیسے نعرے درج تھے۔شرکا نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج پائندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ساجدہ فاروق تارڑ نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ملکی سلامتی کی ضامن ہے اور پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ پہلگام کا واقعہ ایک گہری اور مذموم سازش کا شاخسانہ تھا جس کا مقصد پاکستان کو بدنام کرنا تھا،لیکن قوم دشمن کی ان چالوں سے بخوبی آگاہ ہے اور کسی بھی پراپیگنڈے میں آنے والی نہیں۔انہوں نے کہا کہ دشمن کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی اور قوم ہر محاذ پر اپنی فوج کا ساتھ دے گی۔یہ ریلی اس بات کا واضح پیغام ہے کہ قوم کا ہر فرد اپنی فوج سے والہانہ محبت رکھتا ہے اور کسی بھی قیمت پر افواج پاکستان کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہے۔

اس موقع پر مقامی رہنماوں نے بھی اظہارِ خیال کیا اور پاک فوج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ریلی پر امن ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور آخر میں ملکی سلامتی،ترقی اور افواج پاکستان کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔