ٴْ"اسرائیلی جارحیت کے خلاف بلوچستان کی دھرتی سے صدائے حق بلند ہوگی"سینیٹر مولانا عبدالواسع

منگل 6 مئی 2025 20:50

7کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مئی2025ء)جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر، سینیٹر مولانا عبدالواسع نے چمن، قلعہ عبداللہ، پشین، قلعہ سیف اللہ، لورالائی سمیت صوبے کے مختلف اضلاع کا تنظیمی دورہ کیا۔ ان دوروں کا مقصد 15 مئی کو منعقد ہونے والے "اسرائیل مردہ باد ملین مارچ" کی تیاریوں کا جائزہ لینا اور جماعتی نظم و انصرام کو حتمی صورت دینا تھا۔

ہر مقام پر ان کے خطاب نے کارکنوں کے جذبات کو مہمیز دی، فکر کو جلا بخشی اور کارکنان کے عزم و حوصلے کو نئی توانائی عطا کی۔ ان کے ہمراہ صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا آغا محمود شاہ، مرکزی و صوبائی ذمہ داران اور ضلعی امرا کی قیادت بھی شریک تھی۔مجلس عمومی سے اپنے خطاب میں مولانا عبدالواسع نے فرمایا 15 مئی کا دن اہل بلوچستان کی غیرتِ ایمانی، ملتِ اسلامیہ کے ساتھ وفاداری اور مظلوم فلسطینی عوام کے حق میں ایک غیر متزلزل گواہی بن کر تاریخ کے سینے پر نقش ہوگا۔

(جاری ہے)

یہ وہ دن ہوگا جب بلوچستان کی سرزمین سے صدائے احتجاج گونجے گی اور امتِ مسلمہ کی غفلت زدہ روح کو جھنجھوڑے گی۔انہوں نے کہاجب ظالم متحد ہوں، تو مظلوموں کی پراگندگی سوالیہ نشان بن جاتی ہے۔ اسرائیلی درندگی، عالمی استعمار کی پشت پناہی اور مسلم حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی نے ملت اسلامیہ کے ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ ایسے میں جمعیت علما اسلام کا یہ ملین مارچ نہ صرف ایک احتجاجی اجتماع ہے بلکہ یہ ملتِ اسلامیہ کی بیداری، اتحاد اور ایمان افروزی کا عملی مظاہرہ ہے۔

"مولانا نے مزید فرمایا ہمیں یہ جان لینا چاہیے کہ روزِ محشر اگر ہم سے سوال ہوا کہ جب مظلوم بچے چیخ رہے تھے، جب معصوم بچیاں ملبے تلے سسک رہی تھیں، جب مسجد اقصی پامال ہو رہی تھی تو تم کہاں تھی لہذا اس موقع کے مناسبت ہماری زمہ داری یہی ہوگی کہ ہم نے اپنے گھروں سے نکل کر، اپنے ضمیر کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے ظلم کے خلاف علمِ حق بلند کرِیں انہوں نے زور دے کر کہا 15 مئی صرف ایک احتجاج نہیں ہوگا بلکہ تمام اہل اسلام کو بیدار کرنے کیلئے صدا حق بلند ہوگا۔

ہر شخص، ہر گھر، ہر بستی سے ایک فرد نکلے، تاکہ ہم رب کائنات کے حضور گواہ بن سکیں کہ ہم نے ظلم کے خلاف خاموشی اختیار نہ کی، بلکہ صدائے احتجاج بلند کی۔اس موقع پر انہوں نے تنظیمی طور پر اہم اقدامات کرتے ہوئے مختلف ڈویژنز کے لیے خصوصی کمیٹیوں کا اعلان کیا، جو ملین مارچ کی تیاریوں کو حتمی شکل دیں گی جنوبی بلوچستان کے لیے مولانا آغا محمود شاہ کی سربراہی میں ایک متحرک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جو مستونگ سے لے کر حب تک تمام اضلاع کا تنظیمی دورہ کرے گی۔

رخشان ڈویژن کے لیے حاجی منظور مینگل کی سربراہی میں کمیٹی مقرر کی گئی، جو رخشان کے تمام اضلاع میں مارچ کی تیاریوں کا جائزہ لے گی۔نصیرآباد ڈویژن کی ذمہ داری حاجی میر حسن ساسولی کو سونپی گئی ہے، جو مرحلہ وار اضلاع کا دورہ کر کے رابطہ و مشاورت کا عمل مکمل کریں گے۔مکران ڈویژن کے لیے مولانا خالد ولید سیفی کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جو علاقائی سطح پر مارچ کے انتظامات کو مضبوط خطوط پر استوار کرے گی۔

امیر جمعیت علما اسلام بلوچستان سینیٹر مولانا عبدالواسع مسلسل سفر میں ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر مختلف اضلاع کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ ملین مارچ کو ایک ہمہ گیر، پرامن، اور پرشکوہ عوامی اظہارِ یکجہتی میں تبدیل کیا جا سکے۔ادھر شعبہ نشر و اشاعت، ڈیجیٹل میڈیا سیل اور سوشل میڈیا ٹیم شب و روز سرگرمِ عمل ہے۔ ہر زبان، ہر قلم، ہر کیمرہ، ہر پوسٹ اب صدائے مظلوم کا ترجمان بن چکی ہے۔

یہ مارچ محض ایک احتجاج نہیں، بلکہ ایک ایمانی فریضہ، اجتماعی شعور کی بیداری اور امت کی زخم خوردہ تاریخ کا مرہم ہے۔ جمعیت علما اسلام کا ہر کارکن ایک سپاہی ہے جو دل میں دردِ امت، زبان پر صدائے حق اور قدموں میں استقامت لیے میدان میں موجود ہے۔15 مئی اسرائیل۔مردہ باد ملین مارچ ظالم کے خلاف، مظلوم کے حق میں، اور امت کی بیداری کے نام ہوگا