ذ* بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی انسپیکشن ٹیمیں کوئٹہ شہر سمیت صوبے بھر متحرک

/ اشیاخوردونوش کے معیار کی جانچ اور عوام کو محفوظ و ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی ، حاجی نور محمد دمڑ

منگل 6 مئی 2025 21:55

rکوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مئی2025ء)صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین بی ایف اے حاجی نور محمد دمڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی انسپیکشن ٹیمیں کوئٹہ شہر سمیت صوبے بھر میں اشیاخوردونوش کے معیار کی جانچ اور عوام کو محفوظ و ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی کے لیے پوری طرح متحرک ہیں۔یہ بات انہوں نے بی ایف اے ہیڈکوارٹر میں منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے بتایا کہ معائنہ ٹیمیں قوانین کی خلاف ورزی پر مراکز اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لاتی ہیں اور بی ایف اے ایکٹ 2014 کے تحت جرمانے عائد کیے جاتے ہیں۔ دکانداروں کو جرمانے کی ادائیگی کے لیے ڈیجیٹل چالان جاری کیے جاتے ہیں جس کے ذریعے بینک میں ادائیگی ممکن ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ بی ایف اے حکام کسی بھی صورت میں مراکز مالکان سے نقد رقم بطور جرمانہ وصول نہیں کرتے۔

تاہم حالیہ مشاہدات سے معلوم ہوا ہے کہ بعض عناصر نے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے نام پر عوام سے جرمانے کے نام پر رقم وصول کی ہے، جن کا اتھارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کاروباری حضرات کو ہدایت کی کہ وہ ایسے دھوکہ دہی کے واقعات سے محتاط رہیں اور کسی کو نقد رقم ہرگز ادا نہ کریں۔ شکایات یا معلومات کے لیے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے دفتر سے دفتری اوقات میں فون نمبر 9213573- 081پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

اجلاس کے دوران وزیر خوراک نے ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے اور دیگر افسران کو ہدایت دی کہ ابتدائی مرحلے میں کوئٹہ کے مختلف علاقوں اور بعد ازاں دیگر اضلاع میں کمپلین باکسز نصب کیے جائیں جبکہ اتھارٹی کے کمپلینٹ سیل کو بھی مزید مو ثر و فعال بنایا جائے تاکہ مضر صحت خو را ک کا کارو با ر کر نے والو ں یا بی ایف اے کے عملے کے اختیارات کے غلط استعما ل سے متعلق عوامی شکایات وصول کی جا سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے قیام کا بنیادی مقصد خوراک کے کاروبار کی اصلاح اور عوام تک محفوظ اشیا خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے اور اس حوالے سے کسی سطح پر کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے اشیاخوردونوش سے وابستہ کاروباری افراد سے اپیل کی کہ وہ اتھارٹی سے مکمل تعاون کریں، اپنے کاروبار کو قوانین کے مطابق چلائیں، اور خوراک کا کاروبار کرنے کیلئے بلوچستا ن فو ڈ اتھا رٹی سے لازمی طور پر اپنی مصنوعات کی رجسٹریشن اور فوڈ بزنس لا ئسنس حا صل کر یں ۔