مبینہ پولیس مقابلہ ،3زخمیوں سمیت 8ملزمان گرفتار، اسلحہ اور منشیات برآمد

بدھ 7 مئی 2025 00:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2025ء) کیماڑی پولیس کا جہان آباد سرچ آپریشن کے دوران لیاری گینگ وار ارشد پپو گروہ کے کارندوں سے مبینہ پولیس مقابلے کے بعد 3زخمی سمیت 8 ملزمان کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمدکرلی ۔یہ بات سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کیماڑی کیپٹن (ریٹائرڈ) فیضان علی نے منگل کے روز تھانہ پاک کالونی میں اسٹریٹ کرائم سیل کے انچارج راجہ خالد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی کیماڑی نے بتایاکہ سرچ آپریشن خفیہ اطلاع پر کیا گیاجس میں 12پولیس موبائلیں،3ایس ایچ اوز سمیت اینٹی اسٹریٹ کرائم فورس نے حصہ لیا۔انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزمان میں ایک ارشد پپو کا شوٹر بھی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ایک عدد کلاشن، 5 ٹی ٹی پستول اوربھاری مقدارمیں منشیات برآمدکرلی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک سال کے دوران منشیات کے90مقدمات ہوئے اور 129ملزمان کو گرفتار کرکے 13کلو سے زائد منشیات برآمد کی گئی ہے جبکہ لیاری گینگ وار کے 12بدنامہ زمانہ ملزمان پولیس مقابلوں میں ہلاک بھی ہوئے ہیں۔