مطالبات تسلیم کرنے تک ہارورڈ یونیورسٹی کی گرانٹس منجمد رہیں گی، امریکی انتظامیہ

بدھ 7 مئی 2025 09:40

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2025ء) امریکی انتظامیہ نے کہا ہے کہ مطالبات تسلیم کرنے تک ہارورڈ یونیورسٹی کی گرانٹس منجمد رہیں گی۔العربیہ کے مطابق امریکی محکمہ تعلیم کے ایک سینئر اہلکار نے ہارورڈ یونیورسٹی کو مطلع کیا کہ مستقبل کی تحقیقی گرانٹس اور دیگر امداد میں اربوں ڈالر اس وقت تک منجمد کر یں گے جب تک ٹرمپ انتظامیہ کے مطالبات پورے نہیں کئے جاتے۔

یہ ٹرمپ انتظامیہ کا تازہ ترین اقدام ہے جو وفاقی فنڈنگ کی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے مختلف اداروں بشمول لا فرموں اور یونیورسٹیوں کو پالیسی میں زبردست تبدیلیاں کرنے یا گرانٹس اور معاہدوں میں اربوں ڈالر سے محروم کرنے پر مجبور کرنا چاہتی ہے۔ہارورڈ یونیورسٹی کو لکھے گئے خط میں یو ایس سیکرٹری آف ایجوکیشن لنڈا میک موہن نے کہا کہ یونیورسٹی کو کیمپس میں یہود دشمنی، طلبہ کی نسل کو مدنظر رکھنے والی پالیسیوں اور انتظامیہ کی شکایات کو دور کرنا چاہیے جن میں ایک یہ ہے کہ یونیورسٹی نے نسبتاً چند قدامت پسند فیکلٹی ممبران کی خدمات حاصل کر کے اپنی ترجیحات کو بدل دیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ خط آپ کو یہ بتانے کے لئے ہے کہ ہارورڈ یونیورسٹی وفاقی حکومت سے مزید گرانٹس کی درخواست نہیں کر سکتی کیونکہ اسے گرانٹس فراہم نہیں کی جائیں گی۔یونیورسٹی نے کہا ہے کہ میک موہن کا خط ان مطالبات کا اعادہ کرتا ہے جو ادارے پر غیر معمولی اور نامناسب کنٹرول نافذ کریں گے اور جان بچانے والی تحقیق کے لئے فنڈز کو غیر قانونی طور پر روکنے کے نئے خطرات پیدا کریں گے۔ یونیورسٹی کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ ہارورڈ یونیورسٹی حکومت کے قانونی حد سے تجاوز کے خلاف اپنا دفاع جاری رکھے گی۔