ڈپٹی کمشنر تھرپارکر کی زیر صدارت پولیو مہم کے حوالے سے اجلاس، یونین کونسل سطح پر جائزہ لینے کا فیصلہ

بدھ 7 مئی 2025 16:28

تھرپارکر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2025ء) ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی کی زیر صدارت دربار ہال مٹھی میں ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا گیا، ڈپٹی کمشنر تھرپارکر نے اجلاس میں 26 مئی 2025 سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ پولیو مہم کے کام کا یونین کونسل سطح پر جائزہ لیا جائے گا، پولیو مہم کے کا کا جائزہ لینے کے لیے ایک جامع پلان تیار کیا جائے، ڈی سی تھرپارکر نے کہا کہ پولیو ایک ایسا موذی مرض ہے جو نہ صرف بچوں کی صحت کے لیے خطرہ ہے بلکہ ہماری آنے والی نسلوں کے مستقبل کو بھی خطرے میں ڈال دیتا ہے۔

(جاری ہے)

ہماری ذمہ داری ہے کہ پولیو کے خاتمے کے لیے آخری حد تک جدوجہد کریں، آنے والی پولیو مہم کے دوران کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے، ڈپٹی کمشنر تھرپارکر نے محکمہ صحت تھرپارکر کے افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جہاں بھی انکاری کیس سامنے آتے ہیں وہاں آگاہی پروگرام کرکے معلومات فراہم کی جائے، تاکہ کوئی بھی انکاری کیس سامنے نہ آسکے، اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تھرپارکر ڈاکٹر لیکھراج اور پولیو فوکل پرسن ڈاکٹر بھرت کمار نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیو مہم کے دوران پیدائش سے 5 سال تک کی عمر کے 3 لاکھ 16 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، اس کام کے موبائل ٹیمیں، فکس ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، اس موقع پر پولیس افسران نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی کے لیے ایک جامع پلان تیار کیا ہے، ضلع بھر داخلی اور خارجی راستوں پر بھی سیکیورٹی سخت کی جائے گی، ہمارے اہلکار ہر وقت پولیو مہم کے ٹیموں کے ساتھ رہیں گے، اس موقع پر اجلاس میں محکمہ تعلیم، محکمہ روینیو اور مشترکہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

\378