چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کا محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ

بدھ 7 مئی 2025 17:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2025ء) چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان اور آئی جی ڈاکٹر عثمان انور نے محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم کا بدھ کو دورہ کیا۔ترجمان پولیس کے ممطابق چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب نے مرکزی کنٹرول روم سے صوبہ بھر کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آر پی اوز، ڈی پی اوز کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی۔

چیف سیکرٹری نے تمام اضلاع میں قائم کنٹرول رومز کو محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم سے مسلسل رابطہ رکھنے کی ہدایت کی ۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے چیف سیکرٹری کو پولیس کے سکیورٹی اقدامات بارے آگاہ کیا،انہوں نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس ہائی الرٹ ہے، سرحدی چوکیوں سمیت تمام اہم مقامات پر پولیس کے جوان چوکس ہیں، اضلاع کی انتظامیہ، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122 سمیت سکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل کوارڈینیشن میں ہیں، پنجاب پولیس کے کنٹرول رومز سے بھی تمام صورتحال کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ جاری ہے۔

(جاری ہے)

سپشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان نے چیف سیکرٹری کو "وار بک" کے حوالے سے اب تک کئے گئے انتظامات بارے بریفنگ دی ۔صوبہ بھر کی اہم تنصیبات اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں،۔صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں ہائی الرٹ جاری کیا جا چکا ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ملازمین اور طبی عملے کو ڈیوٹی پر بلا لیا گیا ہے، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پولیس اور سول ڈیفنس کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے،ایڈیشنل چیف سیکرٹری احمد رضا سرور، سیکرٹری مواصلات اور محکمہ داخلہ کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔