ساہیوال میں شفیق چشتی کبڈی گراؤنڈ کا قیام نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرنے کا ایک خوش آئند قدم ہے ،ایڈیشنل کمشنر

بدھ 7 مئی 2025 19:38

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2025ء) ایڈیشنل کمشنرکوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی نے کہا کہ ساہیوال میں شفیق چشتی کبڈی گراؤنڈ کا قیام نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرنے کا ایک خوش آئند قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ گراؤنڈ کے قیام سے کبڈی جیسے قومی کھیل کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ وہ یہاں شفیق چشتی کبڈی گراؤنڈ میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

ڈویژنل سپورٹس آفیسر چوہدری نثار الحق، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر محمد عامر رشید اور پاکستان کبڈی ٹیم کے سابق کپتان شفیق احمد چشتی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے اعلان کیا کہ گراؤنڈ میں 15 مئی کو ایک شاندار کبڈی میچ منعقد کیا جائے گاجس میں ملکی سطح کے نامور کھلاڑی شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اہلیانِ ساہیوال کو اس کبڈی میچ میں بھرپور شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ یہ میچ نہ صرف تفریح کا باعث بنے گا بلکہ نوجوانوں کے اندر کھیل کے جذبے کو بھی فروغ دے گا۔

پاکستان کبڈی ٹیم کے سابق کپتان شفیق احمد چشتی نے بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ گراؤنڈ ان کے دیرینہ خواب کی تعبیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کبڈی کے ذریعے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جا سکتا ہے، اور یہ میچ کبڈی کے چاہنے والوں کے لیے ایک یادگار موقع ثابت ہوگا۔ڈویژنل سپورٹس آفیسر چوہدری نثار الحق نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایسے مزید کھیلوں کے انعقاد سے علاقائی سطح پر ٹیلنٹ کو سامنے لانے میں مدد ملے گی۔\378