ملتان پولیس نے قتل کے مقدمہ میں مطلوب مرکزی ملزم سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا

بدھ 7 مئی 2025 20:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2025ء) پولیس تھانہ بی زیڈ نے قتل کے مقدمہ میں مطلوب مرکزی ملزم سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں محمد شہباز مرکزی ملزم، صہیب عمر عرف زوہیب، شوکت حسین، فرحان علی اور عدیل عامر شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مورخہ 21 فروری 2025 کو ملزمان نے اسلحہ کے زور پر مقتول وسیم کی گاڑی کو روکا اور ملزم محمد شہباز نے پسٹل کے فائر سے مقتول وسیم کو قتل کیا تھا۔

(جاری ہے)

وجہ عناد وقوعہ سے کچھ دیر قبل شادی میں مہندی کی رسم میں مقتول محمد وسیم کی ملزمان سے کسی بات پر تکرار ہوئی تھی، جس کی بنا پر طیش میں آکر ملزمان نے قتل کیا تھا۔ وقوعہ کی اطلاع پر بی زیڈ پولیس نے بروقت مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی تھی اور پولیس تھانہ بی زیڈ نے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے وقوعہ میں ملوث مرکزی ملزم سمیت 05 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ایس پی گلگشت سیف اللہ گجر کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ بی زیڈ عبداللہ گِل نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا،ملزمان کے خلاف مزید کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔